آفت زدہ اتراکھنڈ میں راحت کا سامان لے جا رہا ہیلی کاپٹر کریش، 3 افراد ہلاک

اتراکھنڈ کے اترکاشی علاقہ میں شدید بارش اور بادل کے پھٹنے سے بھاری تباہی ہوئی ہے، جس کے بعد راحت اور بچاؤ کے کام میں ہیلی کاپٹر کا استعمال کیا جا رہا تھا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

اترکھنڈ : سیلاب سے متاثرہ اتراکھنڈ کے اترکاشی علاقہ میں ایک ہیلی کاپٹر اس وقت حادثے کا شکار ہو گیا جب وہ متاثرین کے لئے راحتی سامان لے کر جا رہا تھا۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق ہیلی کاپٹر پر تین لوگ سوار تھے اور ان میں سے کسی کی بھی جان نہیں بچ سکی۔

واضح رہے کہ اترکاشی میں شدید بارش اور بادل کے پھٹنے سے بھاری تباہی ہوئی ہے، اس کے بعد راحت اور حفاظت کے کام کے لئے ہیلی کاپٹر کا استعمال کیا جا رہا تھا۔ راحت اور حفاظت کے کام میں مصروف ہیلی کاپٹر اتر کاشی ضلع میں موری سے مولدی جا رہا تھا۔ حادثہ کے بعد آئی ٹی بی کے جوان موقع پر پہنچ گئے ہیں۔


خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے ٹوئٹ کے مطابق ہیلی کاپٹر پر کیپٹن لال، کو پائلٹ شیلیش اور مقامی باشندہ راج پال سوار تھے، ان تینوں کی ہی اس حادثہ میں موت واقع ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ سیلاب اور لینڈ سلائڈنگ کی وجہ سے اتراکھنڈ میں شدید نقصان ہوا ہے۔ یہاں کے آٹھ اضلاع میں زبردست تباہی ہوئی ہے۔ کئی مقامات پر بادل پھٹنے کی وجہ سے ہاہاکار مچا ہوا ہے تو کئی مقامات پر پہاڑ کھسک رہے ہیں اور پتھر سڑکوں پر گرنے سے ٹریفک متاثر ہوا ہے۔ اترکاشی کے موری علاقہ میں اتوار کے روز بادل پھٹا تھا، اس حادثہ میں 17 افراد ہلاک ہوئے تھے ، حفاظتی مہم تاحال جاری ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 21 Aug 2019, 3:10 PM