اتراکھنڈ: پتھوراگڑھ میں نامعلوم بیماری کا قہر، سینکڑوں بھیڑ اور بکریاں بیماری کی زد میں، مویشی پرور پریشان

مقامی لوگوں نے مویشی پروری محکمہ سے علاقہ میں کیمپ لگا کر بھیڑ بکریوں کا علاج کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ اس بیماری کو پھیلنے سے روکا جا سکے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

اتراکھنڈ کے پتھوراگڑھ کے کنالی چھینا میں نامعلوم بیماری نے قہر برپایا ہوا ہے۔ اس بیماری سے کئی بکریوں کی موت ہو گئی ہے، جبکہ سینکڑوں بھیڑ اور بکریاں بیماری کی زد میں ہیں۔ دیہی عوام نے مویشی پروری محکمہ سے علاقہ میں کیمپ لگا کر بھیڑ بکریوں کا علاج کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ اس بیماری کو پھیلنے سے روکا جا سکے۔ علاج کے لیے مویشی پرورں نے متعلقہ محکمہ جاتی افسران سے مدد کی اپیل کی ہے۔ دیہی عوام نے لمپی وائرس ہونے کا اندیشہ ظاہر کیا ہے، لیکن بیماری کا پتہ مویشی پروری محکمہ ہی بتا پائے گا۔

کنالی چھینا بلاک کانگریس کمیٹی کے صدر ہیم پانڈے نے کہا ہے کہ باراکوٹ، دیوکھیت سمیت کئی گاؤں میں مویشیوں میں بیماری پھیلی ہے۔ اتنا ہی نہیں اس بیماری کی زد میں زیادہ تر بھیڑ بکری شامل ہیں۔ ہفتہ کے روز بھی دو مویشی پرور کی کئی بکریاں مر گئیں۔ جس سے انھیں زبردست نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ اب بھی کئی مویشی پروروں کی بکریاں اور بھیڑ اس بیماری کی زد میں ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یہاں کے لوگوں کی اہم روزی مویشی پروری ہے۔ لیکن بکریوں کے بیماری کی زد میں آ جانے سے مویشی پرور پریشان ہیں۔ مویشیوں کو علاج نہیں مل پا رہا ہے جس وجہ سے مویشیوں کی موت ہو رہی ہے۔ دیہی عوام نے مویشی پروری محکمہ سے اس علاقہ مین کیمپ لگا کر بھیڑ بکریوں کا علاج کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔


دیہی عوام کا کہنا ہے کہ جن مویشی پروروں کے جانور بیماری کی زد میں آنے سے مرے ہیں، انھیں مناسب معاوضہ دیا جائے۔ اس پورے معاملے میں مویشی پروری محکمہ کے افسران کا کہنا ہے کہ پتھوراگڑھ ضلع کے کئی علاقوں میں لمپی بیماری پھیلی ہوئی ہے۔ غالباً ان بکریوں کی موت لمپی بیماری سے ہوئی ہوگی۔ ڈاکٹروں کی ٹیم بھیجنے کی کارروائی کی جا رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔