اتراکھنڈ: باراتیوں کی گاڑی کھائی میں گرنے سے اندوہناک حادثہ، ماں-بیٹے سمیت 5 افراد جاں بحق
اتراکھنڈ کے چمپاوت میں باراتیوں کی بولیرو 200 فٹ کھائی میں جا گری۔ ماں-بیٹے سمیت 5 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوئے۔ رات گئے ریسکیو کیا گیا، ایک زخمی کو ضلع اسپتال ریفر کیا گیا ہے

اتراکھنڈ کے چمپاوت ضلع میں ایک اندوہناک حادثہ حادثہ پیش آیا، جہاں باراتیوں سے بھری بولیرو گاڑی تقریباً 200 فٹ گہری کھائی میں جا گری۔ حادثہ لوہا گھاٹ قومی شاہراہ پر بگھ دھارا کے نزدیک جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات تقریباً ڈھائی بجے پیش آیا۔ اس سانحے میں ماں اور بیٹے سمیت پانچ افراد موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے، جبکہ پانچ دیگر شدید زخمی ہوئے۔
اطلاع ملتے ہی تھانہ انچارج لوہا گھاٹ اشوک کمار، پولیس ٹیم، ایس ڈی آر ایف کے اہلکار اور مقامی لوگ فوری طور پر جائے حادثہ پہنچے۔ اندھیرے اور کھائی کی گہرائی کے باوجود ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی شروع کی اور زخمیوں کو بڑی مشقت کے بعد اوپر لا کر ابتدائی طبی امداد کے لیے لوہاگھاٹ کے سب ضلع اسپتال منتقل کیا۔ ایک شدید زخمی کو حالت نازک ہونے پر چمپاوت ضلع اسپتال ریفر کر دیا گیا۔
ہلاک شدگان کی شناخت بھاونا چوبے، ان کے چھ سالہ بیٹے پریانشو، پرکاش چندر اُنیال (40)، کول چندر اُنیال اور 32 سالہ سریش نوٹیال کے طور پر ہوئی ہے۔ دہلی کے رہائشی سریش چوبے کی اہلیہ بھاونا اور بیٹا پریانشو بھی اس حادثے کا شکار بنے، جبکہ ان کا دوسرا بیٹا چیتن شدید زخمی ہے۔ زخمیوں میں دھیرج، 14 سالہ راجیش، 5 سالہ چیتن چوبے، بھاسکر پانڈا اور 38 سالہ دیودت شامل ہیں۔
ڈاکٹر وراٹ راٹھی اور علاج کرنے والے ڈاکٹر عظیم کے مطابق زخمیوں کا فوری علاج شروع کر دیا گیا تھا۔ صبح ہوتے ہی تمام لاشوں کو کھائی سے نکال کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا۔ پولیس کے مطابق حادثے کے وقت ڈرائیور کے نشے میں ہونے کے شبہ کی تفتیش جاری ہے۔ حکام نے کہا کہ حادثے کی وجوہات کی مکمل جانچ کی جا رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔