اتراکھنڈ سانحہ: اب تک 28 افراد کی موت، 200 لاپتہ، ٹنل میں پھنسے لوگوں کو نکالنے کی کوششیں تیز

تپوون میں پیر کی پوری شب ریسکیو آپریشن چلایا گیا۔ اطلاعات کے مطابق سرنگ میں 35 افراد پھنسے ہوئے ہیں اور تاحال کسی کو بھی باہر نہیں نکالا جا سکا ہے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

دہرادون: اتراکھنڈ کے جوشی مٹھ میں گلیشیر کے ٹوٹنے سے آنے والے سیلاب کی وجہ سے اب تک 28 افراد کی موت واقع ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ جبکہ تقریباً 200 افراد لاپتہ ہیں۔ لاپتہ لوگوں کو تلاش کرنے کی لگاتار کوشش کر جاری ہے۔ وہیں تپوون میں واقعہ این ٹی پی سی پاور پروجیکٹ کی ٹنل میں پھنسے لوگوں کو محفوظ نکالنے کے لئے اتوار کی شب سے ہی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ترویندر راوت نے کہا کہ 35 افراد ٹنل کے اندر پھنسے ہوئے ہیں، جنہیں باہر نکالنے کے لئے ڈرل کے ذریعے راستہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ دو نئی لاشیں نکالے جانے کے بعد ہلاک شدگان کی تعداد 28 ہو گئی ہے۔

تپوون میں پیر کی پوری شب ریسکیو آپریشن چلایا گیا۔ اطلاعات کے مطابق سرنگ میں 37 افراد پھنسے ہوئے ہیں اور تاحال کسی کو بھی باہر نہیں نکالا جا سکا ہے۔ یہاں لگاتار بچاؤ کا کام کیا جا رہا ہے۔ آئی ٹی بی پی دہرادون کے سیکٹر ہیڈکوارٹر کی ڈی آئی جی اپرنا کمار نے بتایا کہ یہاں پوری رات کام چلا ہے، بہت سارا ملبہ ہٹایا گیا ہے لیکن تاحال کسی سے رابطہ ممکن نہیں ہو پایا ہے۔


سرحد پر واقعہ وادی نیتی میں آفات انتظام اور آئی ٹی بی پی کی ٹیمیں پہنچ رہی ہیں۔ آئی ٹی بی پی کے جوان یہاں راحت کا سامان پہنچانے کی کوشش انجام دے رہے ہیں۔ آفت میں 4 پلوں کے بہہ جانے کی وجہ سے اس علاقہ تک رسائی مشکل ہو گئی ہے۔ آئی ٹی بی پی کی ٹیم ہیلی کاپٹر سے لینڈنگ کے بعد ٹریکنگ کر کے آفت زدہ گاؤں میں پہنچی۔ ٹیم نے یہاں راشن، دوائی اور ضروری اشیاء ان تک پہنچائی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 09 Feb 2021, 12:11 PM