اتراکھنڈ: اسکول بس کھائی میں گری، 9 بچوں کی موت

زخمی ہونے والے دس بچوں کاعلاج ضلع اسپتال میں جاری ہے، جبکہ شدید طور پر زخمی چار بچوں کو بہتر علاج کے لیے یہاں سے رشی کیش کے ایمس بھیجا گیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

دہرہ دون: اتراکھنڈ کے ٹہری گڑھوال میں بچوں کو اسکول لے جا رہی ایک بس کے گہری کھائی میں گرجانے سے منگل کو 9 بچوں کی موت ہوگئی اور کئی زخمی ہوگئے۔

ٹہری کے ڈیزاسٹر آپریشن سنٹر کے ضلع انچارج این کے بھٹ نے بتایا کہ ٹہری کے ماڈرن اسکول کی بس منگل صبح بچوں کو لے کر اسکول جا رہی تھی۔ اس دوران کنگسالی کے پاس بس گہری کھائی میں گرگئی۔حادثہ کی اطلاع ملنے پر ریاست کی ایس ڈی آر ایف کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی ہے۔


ریاست کے وزیر اعلی ترویندر سنگھ راوت نے اس حادثہ پر گہرے رنج وغم کااظہار کیا ہے۔ انھوں نے افسران کو تیزی سے راحت اور بچاؤ کا کام کرنے اور زخمیوں کے مناسب علاج کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔ ساتھ ہی حادثہ کی مجسٹریٹ جانچ کے بھی احکامات دیئے ہیں۔ اس کے علاوہ شدید طور پر زخمی لوگوں کو ہیلی کاپٹر سے رشی کیش کے ایمس لانے کا حکم دیا ہے۔


حادثہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی انتظامیہ، پولس اور ایس ڈی آر ایف کے افسران موقع پر پہنچ گئے اور راحت اور بچاؤ کے کام میں مصروف ہوگئے۔ ضلع مجسٹریٹ ڈاکٹر وی شنموگم بھی موقع پر پہنچ گئے ہیں۔زخمیوں کو علاج کے لیے ضلع اسپتال بوراڑی لایا گیا ہے۔ ضلع مجسٹریٹ نے اسپتال جاکر زخمیوں کی خیریت معلوم کی۔ زخمی ہونے والے دس بچوں کاعلاج ضلع اسپتال میں جاری ہے، جبکہ شدید طور پر زخمی چار بچوں کو بہتر علاج کے لیے یہاں سے رشی کیش کے ایمس بھیجا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔