اتراکھنڈ: رُڑکی میں اندوہناک حادثہ، اینٹ بھٹہ کی دیوار گرنے سے 6 مزدوروں کی موت، 10 زخمی

صبح اینٹ پکانے کے لیے چمنی میں اینٹ بھرتے وقت حادثہ ہوا، مزدور کام کر ہی رہے تھے کہ دیوار اچانک بھربھراکر گر گئی۔

<div class="paragraphs"><p>علامتی تصویر، بشکریہ این ڈی ٹی وی</p></div>

علامتی تصویر، بشکریہ این ڈی ٹی وی

user

قومی آوازبیورو

اتراکھنڈ کے رُڑکی میں منگل کی صبح اندوہناک حادثہ پیش آیا جب منگلور کوتوالی کے لہبولی گاؤں میں اینٹ بھٹہ کی دیوار اچانک منہدم ہو گئی۔ اس دوران نصف درجن سے زیادہ مزدور ملبہ کے نیچے دب گئے۔ اس حادثہ میں 6 مزدوروں کی موت ہو گئی، جبکہ تقریباً 10 کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے جن میں 2 کی حالت سنگین ہے۔

موصولہ اطلاع کے مطابق صبح اینٹ پکانے کے لیے چمنی میں اینٹ بھرتے وقت حادثہ پیش آیا۔ مزدور کام کر ہی رہے تھے کہ دیوار اچانک بھربھرا کر گر گئی۔ اس سے پہلے کہ کوئی کچھ سمجھ پاتا، دیوار کے پاس کھڑے مزدور ملبہ میں دب گئے۔ حادثہ کی خبر ملتے ہی ایس پی دیہی سمیت پولیس افسران موقع پر پہنچے۔ منگلور کوتوالی انچارج پردیپ بشٹ نے بتایا کہ 5 لاشیں ملبہ سے باہر نکالی گئی تھیں، جبکہ تین مزدوروں کی حالت سنگین بنی ہوئی تھی جنھیں اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ ایک مزدور نے اسپتال میں دَم توڑ دیا۔


اے ایس پی اور ضلع مجسٹریٹ نے بھی موقع پر پہنچ کر حالات کاجائزہ لیا اور مقامی لوگوں سے بات کی۔ مہلوکین کی شناخت مکل، صابر، انکت، بابو رام، جگی اور سمیر کی شکل میں ہوئی ہے۔ روی اور انتظار کی حالت سنگین بتائی جا رہی ہے۔ مہلوکین کے گھر والوں نے واقعہ کے بعد معاوضہ کا مطالبہ کرتے ہوئے ہنگامہ کیا ہے اور لاشوں کو اٹھانے سے انکار کر دیا ہے۔ اس معاملے میں مقامی لوگوں اور پولیس کے درمیان تلخ نوک جھونک بھی ہوئی۔ بعد ازاں علاقہ میں قریبی تھانوں اور کوتوالی سے فورس طلب کر لی گئی ہے۔ ضلع مجسٹریٹ اور ایس ایس پی کی طرف سے لوگوں کو سمجھانے کی کوشش کی گئی، لیکن لوگوں نے مہلوکین کے ورثا کے لیے 10 سے 15 لاکھ روپے معاوضہ کا مطالبہ کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق تقریباً ایک گھنٹہ ہنگامہ کے بعد معاوضہ کا مطالبہ ماننے کی بات کہی گئی جس کے بعد دیہی لوگوں نے لاش اٹھانے کی اجازت دی۔ مہلوکین کے کنبوں کو اینٹ بھٹہ مالک کی طرف سے ساڑھے تین ساڑھے تین لاکھ روپے اور وزیر اعلیٰ کی طرف سے ڈھائی ڈھائی لاکھ روپے رقم بطور معاوضہ دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ پولیس نے پانچوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے رُڑکی سول اسپتال بھیج دیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔