اتراکھنڈ کے وزیر خزانہ پرکاش پنت کا امریکہ میں انتقال

اتراکھنڈ کے وزیر خزانہ پرکاش پنت کی طویل علالت کی وجہ سے منگل کو امریکہ کے ٹیکساس میں موت ہوگئی۔ وہ 58 برس کے تھے۔ ان کے انتقال پر جمعرات کو ریاست میں تعزیتی تعطیل کی گئی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

دہرادون: اتراکھنڈ کے وزیر خزانہ پرکاش پنت کی طویل علالت کی وجہ سے منگل کو امریکہ کے ٹیکساس میں موت ہوگئی۔ وہ 58 برس کے تھے۔ ان کے انتقال پر جمعرات کو ریاست میں تعزیتی تعطیل کی گئی ہے۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کینسر سے متاثر پرکاش پنت کا لمبے عرصے سے علاج چل رہا تھا۔ نئی دہلی میں گذشتہ ہفتے راجیو گاندھی کینسر اسپتال کے ڈاکٹروں کی سفارش پر انہیں امریکہ کے ٹیکساس میں داخل کرایا گیا تھا جہاں منگل کو ان کی موت ہوگئی ہے۔ پرکاش پنت کی موت کی اطلاع ملتے ہی پوری ریاست میں ماتم کی لہر دوڑ گئی۔

پنت کی بیماری کی وجہ سے ان کے تمام محکمے پارلیمانی امور، قانون سازی، زبان، خزانہ، آب کاری، پینے کا پانی اور صفائی، گنا اور چینی کی صنعت کی ترقی کو وزیر اعلیٰ سنبھال رہے ہیں۔ ان کی موت پر گورنر بے بی رانی موریہ، وزیر اعلیٰ ترویندر سنگھ راوت اور اسپیکر پریم چند اگروال نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

پرکاش پنت کا جنم 11 نومبر 1960 کو موضع کھڑکوٹ پیتھورہ گڑھ میں ہوا تھا۔ ان کے والد نام موہن چندر پنت اور ماں کا نام کملا پنت ہے۔ ان کی بیوی کا نام چندرا پنت ہے۔ بی اے کے ساتھ فارمیسی میں ڈپلومہ حاصل کرنے والے مسٹر پنت نے 1984 میں سرکاری نوکری سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ پھر انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی رکنیت اختیار کر لی تھی۔ انہوں نے کئی کتابیں بھی تحریر کی ہیں۔

وہ 1977 سےطلبہ کی سیاست میں سرگرم رہنے کے بعد وہ 1988 میں پیتھورہ گڑھ میونسپل کے رکن منتخب ہوئے۔ پھر وہ 1998 میں اسمبلی اترپردیش میں رکن منتخب ہوئے۔ اتراکھنڈ ریاست کی تشکیل کے بعد 2001 میں پہلے اسپیکر منتخب ہوئے۔ 2002 میں پیتھورہ گڑھ اسمبلی حلقے سے رکن منتخب ہونے کے بعد سنہ 2007 میں دوسری منتخب حکومت میں کابینی وزیر بنائے گئے۔ 2017 میں وہ چوتھی منتخب حکومت میں کابینی وزیر بنائے گئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔