’یوپی میں قانون کا نہیں، غنڈوں کا راج‘- اکھلیش یادو کا یوگی حکومت پر شدید حملہ
اکھلیش یادو نے یوپی میں بڑھتے جرائم پر بی جے پی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ریاست میں جنگل راج ہے، صرف وہی شخص محفوظ ہے جو مجرموں کی نظر سے بچا ہوا ہے

اکھلیش یادو / آئی اے این ایس
سماجوادی پارٹی کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے اتر پردیش کی یوگی حکومت کو ریاست میں بڑھتے جرائم کے لیے براہِ راست ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ بی جے پی کی قیادت والی حکومت میں پورا صوبہ جنگل راج میں تبدیل ہو چکا ہے۔ ان کے مطابق قتل، لوٹ، ڈکیتی اور عصمت دری جیسی وارداتیں اب روز کا معمول بن چکی ہیں۔
سماجوادی پارٹی کی جانب سے جاری بیان میں اکھلیش یادو نے کہا، ’’یوگی حکومت نے دعویٰ کیا تھا کہ یا تو مجرم اپنا جرم چھوڑ دیں گے یا پھر اتر پردیش چھوڑ دیں گے لیکن حقیقت یہ ہے کہ یہاں صرف مجرم ہی بے خوف ہیں۔ ریاست میں صرف وہی فرد محفوظ ہے جو ابھی تک مجرموں کی نظروں سے بچا ہوا ہے۔‘‘
اکھلیش یادو نے الزام لگایا کہ پولیس بے لگام ہو چکی ہے، وزیر اعلیٰ خود پسندی کے عالم میں تقریریں کر رہے ہیں اور انتظامیہ مکمل طور پر غفلت کی نیند سو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا کوئی دن نہیں گزرتا جب دارالحکومت لکھنؤ سمیت ریاست کے مختلف اضلاع میں جرائم کی خبریں نہ آتی ہوں۔
انہوں نے خاص طور پر دلت برادری کے ساتھ پیش آنے والے مظالم کی طرف توجہ دلاتے ہوئے کہا، ’’بی جے پی حکومت میں دلتوں کو سب سے زیادہ جبر و استبداد کا سامنا ہے۔ کہیں ان کی بارات میں ڈی جے بجانے پر مارپیٹ ہو رہی ہے تو کہیں دولہے کے گھوڑے پر سوار ہونے پر ہنگامہ کھڑا ہو جاتا ہے۔‘‘
اکھلیش یادو نے حالیہ دنوں میں پیش آنے والے کئی واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اتر پردیش میں عوام اب خوف اور دہشت کے ماحول میں جینے پر مجبور ہیں۔ ان کے مطابق یوگی حکومت ہر محاذ پر ناکام ہو چکی ہے اور اس کا اثر ریاست کی شبیہ پر بھی پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون و نظم کا نظام بری طرح سے تباہ ہو چکا ہے، جس کی وجہ سے ریاست میں نہ تو کوئی نیا سرمایہ آ رہا ہے اور نہ ہی صنعت کاری کو فروغ مل رہا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ جن صنعتوں نے پہلے سرمایہ کاری کی تھی، وہ بھی اب ریاست سے باہر جانے کے امکانات پر غور کر رہی ہیں۔ اکھلیش نے کہا کہ بی جے پی حکومت کی نااہلی اور لاپرواہی کے باعث عوام کا جینا دوبھر ہو گیا ہے۔ یاد رہے کہ حالیہ ہفتوں میں ریاست کے مختلف حصوں میں خواتین کے ساتھ زیادتی، ڈاکہ زنی اور قتل کے واقعات میں نمایاں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے، جس پر اپوزیشن مسلسل حکومت کو نشانہ بنا رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔