یوپی: گونڈا میں نہر میں گری عقیدت مندوں سے بھری بولیرو گاڑی، 11 کی موت، 3 زخمی

صبح قریب 6.00 بجے ضلع کے اٹیا تھوک تھانہ علاقے میں حادثہ پیش آیا۔ مقامی لوگوں نے دیکھا کہ بولیرو نہر میں ڈوب چکی تھی۔ موقع پر خوفناک منظر تھا۔ لوگوں کی چیخ و پکار تھی۔

<div class="paragraphs"><p>ویڈیو گریب</p></div>

ویڈیو گریب

user

قومی آواز بیورو

 اتر پردیش کے گونڈا ضلع میں ایک دردناک سڑک حادثہ پیش آیا ہے۔ یہاں ایک بولیرو کے بے قابو ہو کر نہر میں گر جانے سے 11 لوگوں کی موت ہو گئی۔ بولیرو میں 15 افراد سوار تھے جن میں 11 کی موت کے علاوہ دیگر 3 افراد زخمی ہو گئے۔ ان میں ایک لاپتہ ہے۔

’آج تک‘ کی خبر کے مطابق واقعہ گونڈا ضلع کے اٹیا تھوک تھانہ علاقے کے رہرا گاؤں کا ہے۔ بولیرو میں سوار سبھی لوگ درشن کے لیے جا رہے تھے۔ شدید بارش کی وجہ سے نہر کے کنارے کی سڑک پھسل بھری تھی اور بے حد تنگ بھی۔ بولیرو کو سائڈ سے گزارنے کی کوشش کے دوران اچانک گاڑی کا توازن بگڑ گیا اور وہ نہر میں جا گری۔ گاڑی پانی میں پوری طرح غرقاب ہو گئی جس سے سوار لوگوں کو باہر نکلنے کا موقع ہی نیہں ملا۔ حادثے میں مرنے والوں کی ابھی سرکاری طور پر تصدیق نہیں ہوئی ہے۔


مقامی لوگوں نے بتایا کہ صبح قریب 6.00 بجے ایک زور کی آواز سنائی دی۔ کچھ ہی دیر میں لوگ موقع پر پہنچے تو دیکھا کہ بولیرو نہر میں ڈوب چکی تھی۔ موقع پر خوفناک منظر تھا۔ لوگوں کی چیخ و پکار تھی۔ دیہی لوگوں نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی اور خود بھی بچاؤ کام میں لگ گئے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ضلع مجسٹریٹ پرینکا رنجن اور ایس پی ونیت جائسوال موقع پر پہنچے۔ انتظامیہ کے افسروں کے ساتھ این ڈی آر ایف کی ٹیم، پولیس دستہ اور مقامی غوطہ خوروں نے لاشوں کی تلاش شروع کی۔ ’امر اجالا‘ کی خبر کے مطابق اب تک 11 عقیدت مندوں کی لاش برآمد کی جا چکی ہے۔ ایک شخص کی تلاش اب بھی جاری ہے جبکہ تین لوگوں نے کسی طرح باہر نکل کر اپنی جان بچائی۔

حادثہ میں ہلاک ہونے والے لوگوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ انتظامیہ نے سبھی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے۔ متاثرین کنبہ کو ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔


بتایا جاتا ہے کہ سیہا گاؤں میں جیسے ہی اس دردناک حادثہ کی خبر پہنچی، وہاں کہرام مچ گیا۔ ایک ہی گاؤں کے 11 لوگوں کی موت سے ہر آنکھ نم ہے۔ پورے گاؤں میں ماتمی خاموشی ہے۔ مہلوکین کے گھروں میں رشتہ داروں کا رو رو کر بُرا حال ہے۔ دیہی لوگوں کی بھیڑ اسپتال اور جائے حادثہ دونوں جگہ امڈی ہوئی ہے۔

ادھر اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے حادثے پر گہرے غم و صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مہلوکین کے ورثا کو 5 لاکھ روپے کی اقتصادی مدد دینے کی افسروں کو ہدایت دی ہے۔ انتظامیہ کی ٹیمیں راحت اور بچاؤ کام میں لگی ہوئی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔