اتر پردیش میں پھر حیوانیت، سبکدوش داروغہ کے بیٹے کا پیٹ پیٹ کر قتل، بیچ سڑک اینٹ سے کچل دیا گیا سر

حملہ آوروں نے بیچ سڑک پر سبکدوش داروغہ کے بیٹے کو بری طرح پیٹا اور پھر اینٹ سے سر کچل دیا، گھر والوں نے پولیس سے تحریری شکایت کی ہے جس کے بعد معاملہ درج کر لیا گیا ہے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش میں جرائم کے واقعات کسی بھی طرح سے کم ہونے کا نام نہیں لے رہے ہیں۔ تازہ معاملہ غازی آباد کا ہے جہاں حیوانیت کا ایک نیا منظر دیکھنے کو ملا ہے۔ دہلی پولیس کے سبکدوش داروغہ کے بیٹے ورون کا کچھ لوگوں نے پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا ہے۔ حملہ آوروں نے بیچ سڑک پر نہ صرف اسے پیٹا، بلکہ اینٹ سے اس کا سر بھی کچل دیا۔ اس واقعہ کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں ورون سڑک پر پڑا ہوا ہے اور ایک شخص اس پر اینٹوں سے حملہ کر رہا ہے۔ یہ ویڈیو وہاں سے گزر رہے ایک کار سوار نے بنایا، اور پھر اسے سوشل میڈیا پر ڈال دیا۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس نے اس معاملے پر نوٹس لیا۔ گھر والوں نے بھی پولیس کو تحریری شکایت دی ہے، جس کے بعد پولیس نے معاملہ درج کر لیا ہے۔

ایس پی سٹی گیانیندر سنگھ نے بتایا کہ ’’ٹیلہ موڑ تھانہ علاقہ میں لونی روڈ پر منگل کی شب تقریباً 9 بجے پولیس کو واقعہ کی خبر ملی تھی۔ پتہ چلا کہ اوپس کچن کے سامنے دو فریقین میں تنازعہ ہو گیا۔ اس میں ایک فریق کے 35 سالہ نوجوان ورون کو پیٹا گیا۔ اسپتال میں اس کی موت ہو گئی۔ ملزمین کی گرفتاری کے لیے پانچ پولیس ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔‘‘


مہلوک ورون گاؤں جاولی کا رہنے والا تھا۔ اس کے والد کنور پال دہلی پولیس سے سبکدوش داروغہ ہیں۔ جانکاری کے مطابق دونوں فریقین کی گاڑیاں ہوٹل کے باہر آ کر رکی تھیں۔ ورون بھی اپنے دوستوں کے ساتھ ہوٹل پر کھانا کھانے کے لیے پہنچا تھا۔ وہاں پارکنگ کو لے کر دونوں فریقین کے درمیان تنازعہ ہوا اور پھر مار پیٹ شروع ہو گئی۔ زخمی نوجوان کو مقامی لوگ قریب کے اسپتال لے کر پہنچے جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔