مودی-یوگی مخالف بیان دینے والے سنت یوراج گرفتار

اتر پردیش کی سہارنپور پولس نے ایک وائرل آڈیو معاملہ میں پی ایم مودی اور سی ایم یوگی کے خلاف بیانات کے لیے مشہور ہندو سینا سربراہ سنت یوراج کو گرفتار کر جیل بھیج دیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

آس محمد کیف

پی ایم مودی اور اتر پردیش کے سی ایم یوگی کے خلاف تلخ بیانات کے لیے مشہور ہندو سینا کے قومی سربراہ سنت یوراج کو سہارنپور پولس نے گرفتار کر کے جیل بھیج دیا ہے۔ انھیں ان کے متھرا ضلع میں رنہرا گاؤں واقع رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا ہے۔ سہارنپور کے ڈی ایس پی یتیندر ناگر کی قیادت میں پولس کی ایک ٹیم متھرا گئی تھی جہاں سے گرفتاری کے بعد سنت یوراج کو سہارنپور لایا گیا۔

خبروں کے مطابق یہ گرفتاری 25 اپریل کو ہوئی ہے۔ گرفتاری سے پہلے ہی متھرا ضلع کی شیر گڑھ پولس نے ان کی نگرانی کرنی شروع کر دی تھی۔ شیر گڑھ تھانہ انچارج پردیپ کمار کے مطابق انھیں سہارنپور پولس نے سنت یوراج کے خلاف مقدمہ درج ہونے کی جانکاری دی تھی، جس کے بعد ان کی ٹیم آئی اور انھیں گرفتار کر لے گئی۔

پی ایم مودی اور سی ایم یوگی کے خلاف بیانات کے لیے مشہور سنت یوراج کے خلاف سہارنپور کے نکڑ تھانہ میں ایک مقدمہ درج ہوا تھا۔ نکڑ تھانہ انچارج سشیل سینی کا کہنا ہے کہ ان کے تھانہ حلقہ کے ایک شخص سے سنت یوراج نے قابل اعتراض بات کہی تھی جس کا آڈیو وائرل ہو گیا تھا۔ یہ آڈیو انتہائی ہتک آمیز ہے، جس میں مسلم سماج کو گمراہ کیا جا رہا تھا۔

خبروں کے مطابق اس آڈیو میں سنت یوراج کسی شخص سے بات کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ کورونا وائرس کا بہانہ بنا کر مرکز اور ریاست کی مسلم مخالف حکومتیں مسلمانوں کو منصوبہ بند طریقے سے ہدف بنا رہی ہیں اور ان کے خلاف سازش کر رہی ہیں۔ اس کے بعد یہ آڈیو خاص کر مسلمانوں میں بڑے پیمانے پر وائرل ہونے لگا۔ مرادآباد میں پولس پر پتھراؤ کی جانچ میں بھی اسی طرح کی افواہوں کی جانکاری انتظامیہ کو ملی تھی۔

سہارنپور کے ایس پی سٹی ونیت بھٹناگر کے مطابق سہارنپور پولس نے حال کے دنوں میں سوشل میڈیا پر نفرت پھیلانے والوں کے خلاف غیر جانبدارانہ اور فوری کارروائی کی ہے۔ گزشتہ ایک ہفتہ میں پولس نے چار لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کر ضروری کارروائی کی۔ وائرل ویڈیو کا معاملہ سامنے آنے کے بعد 23 اپریل کو نکڑ تھانہ میں پولس نے یہ معاملہ درج کیا تھا اور اس کے بعد سے گرفتاری کی تیاری شروع ہو گئی تھی۔

واضح رہے کہ سنت یوراج عرف یوراج شرما ہندو سینا نام سے ایک تنظیم چلاتے ہیں اور سی اے اے و این آر سی کے خلاف مظاہروں میں بھی وہ بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے رہے تھے۔ سنت یوراج کئی طرح کے متنازعہ بیانات، خصوصاً مودی-یوگی مخالف بیانات کے لیے مشہور ہیں۔ ایک بار انھوں نے کہا تھا کہ پلوامہ حملے کے لیے مودی اور شاہ کی جوڑی ذمہ دار ہے، جانچ ہونے پر اگر یہ سچ نہیں نکلتا ہے تو وہ پھانسی پر چڑھنے کے لیے تیار ہیں۔ اکثر وہ اپنی تقریروں میں فسادات کے لیے بھی انہی کو ذمہ دار ٹھہراتے رہتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔