یوگی حکومت میں خواتین غیر محفوظ، علی گڑھ میں 4 سالہ معصوم بچی کی عصمت دری

علی گڑھ پولس نے بتایا کہ ملزم کی شناخت ہو گئی ہے لیکن وہ فرار ہے، جلد ہی اسے گرفتار کر لیا جائے گا، اس معاملے میں کیس درج کر لیا گیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

اترپردیش میں وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی حکومت میں خواتین اور بچیوں کے ساتھ وحشیانہ فعل تھمنے کا نام نہیں لے رہے ہیں، علی گڑھ میں ایک بار پھر شرمناک واقعہ سامنے آیا ہے، یہاں ڈھائی سال کی معصوم بچی کے قتل کا معاملہ ابھی ٹھنڈا بھی نہیں ہوا تھا کہ چار سالہ بچی کے ساتھ ہوئی بدفعلی کا ایک جھنجھوڑ دینے والی خبر سامنے آئی ہے۔

خبروں کے مطابق، واقعہ گزشتہ جمعہ کی رات ذاکر نگر علاقے میں ہوا، ملزم 10 روپے کا نوٹ دکھا کر بچی کو بہلا پھسلا کر ویران جگہ پر لے گیا اور پھر اس نے اس کے ساتھ بدفعلی کی اور معصوم بچی کے ساتھ وحشیانہ حرکت کرنے کے بعد موقع واردات سے فرار ہوگیا۔ تلاش کرنے کے بعد اہل خانہ کو جب بچی ملی تو اس کی شدید حالت خراب تھی، انہوں نے معصوم بچی کو دین دیال اسپتال میں داخل کرایا ہے۔


پولس حکام نے بتایا کہ ملزم کی شناخت ہو گئی ہے اور وہ فرار ہے، لیکن جلد ہی اسے گرفتار کر لیا جائے گا، اس معاملے میں کیس درج کر لیا گیا ہے اور پولس ملزم کی تلاش میں جٹ گئی ہے۔

اس سے پہلے دو جون 2019 کو ڈھائی سالہ ایک معصوم بچی کی لاش خستہ حالت میں کوڑے کے ڈھیر سے برآمد ہوئی تھی۔ اس کی گردن کے ارد گرد چوٹ کے نشانات تھے اور اس کی آنکھیں نکال لی گئی تھیں، بعد میں پتہ چلا کہ ملزمان نے بچی کا قتل اس لیے کیا تھا کیونکہ اس کے والد نے 10 ہزار روپے ادھار لئے تھے اور پیسے واپس نہیں کر پایا تھا۔ ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا، لیکن اس واقعہ کی وجہ سے ملک بھر میں غم و غصہ دیکھنے کو ملا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */