اتر پردیش: چامنڈا مندر میں بزرگ سادھوی کا قتل، علاقے میں افرا تفری

بزرگ سادھوی ماتا رانی کے چامنڈا مندر میں تقریباً 10 سالوں سے خدمت کر رہی تھیں۔ قاتل سادھوی کا موبائل فون اور بینک پاس بک و دیگر کچھ سامان لے کر بھی فرار ہو گئے۔

علامتی، تصویر آئی اے این ایس
علامتی، تصویر آئی اے این ایس
user

تنویر

اتر پردیش کی یوگی حکومت میں جرائم کے واقعات لگاتار بڑھ رہے ہیں اور حالت ایسی ہے کہ مندروں میں رہنے والے سادھو-سادھوی کی زندگی بھی خطرے سے باہر نہیں ہے۔ اس کی تازہ مثال ریاست کے بلند شہر ضلع میں پیش آیا ایک واقعہ ہے جس میں چامنڈا مندر میں دس سالوں سے خدمت کر رہی ایک بزرگ سادھوی کا نامعلوم بدمعاشوں نے بے حرمی سے قتل کر دیا۔

میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق تھانہ نرسینا کے بگراسی چوکی علاقہ واقع گاؤں بکلانا میں ایک سادھوی کا گلا گھونٹ کر قتل کر دیا گیا ہے۔ سادھوی کا دوپٹے سے گلا دبا کر بے رحمانہ انداز میں قتل کیا گیا ہے۔ جب مقامی لوگوں کو اس کی خبر ہوئی تو علاقے میں افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ سادھوی ماتا رانی کے چامنڈا مندر میں تقریباً 10 سالوں سے خدمت کر رہی تھی۔ قاتل سادھوی کا موبائل فون اور بینک پاس بک و دیگر کچھ سامان لے کر فرار ہو گئے۔ موقع پر پہنچی پولیس پورے معاملے کی سنجیدگی سے جانچ کر رہی ہے۔ لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔


قتل کے اس معاملے کو پولیس لوٹ پاٹ اور مرڈر سے جوڑ کر دیکھ رہی ہے۔ اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ جمعرات کو قاتلوں نے لوٹ کا واقعہ انجام دینے کے بعد بزرگ سادھوی کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہوگا۔ قتل کی خبر ملتے ہی موقع پر ڈاگ اسکوائڈ اور فورنسک ٹیم پہنچ گئی اور جانچ میں مصروف ہو گئی۔ سی او سیانا الکا سنگھ نے چامنڈا مندر میں گزشتہ کئی سالوں سے خدمت کر رہی بزرگ سادھوی کے قتل کی تصدیق کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ پولیس سنجیدگی کے ساتھ جانچ کر رہی ہے اور جلد قاتلوں کو گرفتار کر جیل بھیجا جائے گا۔ انھوں نے یہ بھی بتایا کہ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔