اتر پردیش: اناؤ میں پٹاخہ کے ذخیرہ میں زوردار دھماکہ، ایک بزرگ ہلاک، ایک دیگر زخمی
موراواں علاقہ کے پارا گاؤں باشندہ نفیس نے بستی سے 100 میٹر دور چھپر کے نیچے بارود و پٹاخوں کا ذخیرہ کر رکھا تھا۔ منگل کی دوپہر اچانک بارود کا اتنا تیز دھماکہ ہوا کہ وہاں موجود ایک بزرگ کی موت ہو گئی۔

اتر پردیش کے اناؤ واقع ایک گاؤں میں اس جگہ پر زوردار دھماکہ ہوا جہاں پٹاخوں کا ذخیرہ کیا گیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ دھماکہ اس قدر تیز تھا کہ اس کے پاس رکھی ہوئی اینٹیں تقریباً 800 میٹر دور تک جا کر گریں۔ ایک اینٹ کھیت میں کام کر رہے نوجوان کو لگی، جس سے وہ زخمی ہو گیا۔ علاوہ ازیں پٹاخوں کے ذخیرہ کے قریب ہی آرام کر رہے ایک بزرگ کی اس حادثہ میں موت واقع ہو گئی ہے۔ اس دھماکہ کی آواز کافی دور تک سنی گئی اور لوگوں میں دہشت پیدا ہو گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق موراواں علاقہ کے پارا گاؤں باشندہ آتش باز نفیس نے بستی سے 100 میٹر دوری پر چھپر کے نیچے بارود اور پٹاخوں کا ذخیرہ کر رکھا تھا۔ چھپر کی چاروں طرف اینٹیں بھی رکھی گئی تھیں، اور اسی پر چھپر رکھا ہوا تھا۔ گاؤں کے ہی ایک 60 سالہ باشندہ شیوچرن کھیت کے ساتھ ساتھ ایک جگہ رکھی آتش بازیوں کی بھی رکھوالی کرتا تھا۔ منگل کی دوپہر تقریباً 12 بجے وہ چھپر کے نیچے بستر لگی چارپائی پر آرام کر رہا تھا کہ اچانک بارود کا اتنا تیز دھماکہ ہوا کہ موقع پر ہی اس بزرگ کی موت ہو گئی۔
بتایا جاتا ہے کہ چھپر کے نیچے چاروں طرف موجود اینٹیں 800 میٹر دور تک پھیل گئیں۔ ایک اینٹ دور کھیت میں کھاد ڈال رہے گاؤں کے نوجوان کے سر میں جا کر لگی جس سے وہ زخمی ہو گیا۔ دھماکہ والی جگہ سے ہی تقریباً 10 میٹر دور نیم کے درخت کی 15 فیٹ اونچی ڈال سے بھی اڑتی ہوئی اینٹیں ٹکرائیں جس سے درخت کو نقصان بھی پہنچا۔ بستی میں موجود ’جَن سیوا کیندر‘ کا شیشہ تک ٹوٹ گیا اور قریب موجود گھروں کی دیواریں بھی چٹخ گئیں۔
اس حادثہ کے بعد موراواں کے ایس او کنور بہادر سنگھ نے جائے وقوع کا دورہ کیا۔ انھوں نے واقعہ کی جانچ کرنے کے ساتھ ساتھ آتش باز کا لائسنس بھی چیک کیا۔ پولیس نے اس کے پاس 10 کلو بارود فروخت کرنے کا لائسنس ہونے کی بات کہی ہے۔ پولیس کے ذریعہ آتش باز سے مزید پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔