اتر پردیش: بلند شہر واقع کیمیکل فیکٹری میں کئی زوردار دھماکے، لاشوں کے چیتھڑے دور تک جا گرے

دھماکہ اس قدر تیز تھا کہ اس کی آوازیں تقریباً دو کلومیٹر دور تک سنائی دیں، کیمیکل فیکٹری کے قریب موجود عمارتوں کے کھڑکی اور دروازے میں لگے شیشے ٹوٹ کر اِدھر اُدھر بکھر گئے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>

تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش کے بلند شہر میں ایک کیمیکل فیکٹری میں جمعہ کے روز سلسلہ وار دھماکوں نے لوگوں میں افرا تفری کا ماحول پیدا کر دیا۔ ان دھماکوں کی آواز اتنی شدید تھی کہ ہر کوئی دہشت میں آ گیا۔ کیمیکل فیکٹری کے اندر کام کر رہے چار مزدوروں کی اس دھماکے میں موت کی خبریں بھی سامنے آ رہی ہیں، جبکہ کئی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جنھیں بغرض علاج اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکہ کی آواز اتنی زیادہ تھی کہ تقریباً دو کلومیٹر دور تک لوگوں کو صاف سنائی دی۔ کیمیکل فیکٹری کے آس پاس موجود عمارتوں کے تو دروازے اور کھڑکیاں اس طرح لرز گئیں کہ ان کے شیشے ٹوٹ کر اِدھر اُدھر بکھر گئے۔ اس واقعہ کے تعلق سے بلند شہر کے پولیس سپرنٹنڈنٹ شلوک کمار نے بتایا کہ 112 نمبر پر سلنڈر دھماکہ کی خبر ملی تھی۔ خبر ملتے ہی پولیس جائے حادثہ پر پہنچی اور پورے معاملے کی جانکاری حاصل کی۔ فی الحال فائر بریگیڈ اور فورنسک ٹیمیں بچاؤ اور راحت کاری کے عمل میں مصروف ہیں۔


شلوک کمار نے میڈیا کو یہ بھی جانکاری دی کہ دھماکہ میں 4 لوگوں کی موت کے بارے میں اب تک خبر مل چکی ہے اور کئی لوگ زخمی بھی ہوئے ہیں جنھیں قریبی اسپتال میں علاج کے لیے داخل کرایا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق یہ حادثہ نگر کوتوالی علاقہ واقع نیا گاؤں میں ہوا ہے۔ یہاں ایک مکان کے اندر ناجائز طریقے سے کیمیکل فیکٹری چل رہی تھی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جب پولیس ٹیم جائے حادثہ پر پہنچی اور تفتیش کا عمل شروع ہوا تو کیمیکل فیکٹری سے کئی خالی سلنڈر اور کچھ بھرے ہوئے سلنڈر بھی برآم دہوئے۔ اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کسی سلنڈر میں رِساؤ ہونے سے پہلے فیکٹری میں آگ لگی، اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے سلنڈر دھماکہ ہونا شروع ہو گیا۔ کچھ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکہ کی آواز دو سے ڈھائی کلومیٹر دور تک سنائی دی۔ دھماکہ صرف ایک بار نہیں ہوا بلکہ ایک کے بعد ایک کئی دھماکے ہوئے۔ اس دھماکہ کی وجہ سے فیکٹری میں موجود کچھ ملازمین کے چیتھڑے اڑ کر آس پاس کے کھیتوں میں جا گرے۔ پولیس نے اِدھر اُدھر تلاش کرنے کے بعد لاشوں اور اس کے ٹکڑوں کو اکٹھا کر کے پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔