اترپردیش: جون پور میں کار-ٹرک میں ٹکر، دو سگے بھائیوں سمیت 5 افراد ہلاک

اس حادثے میں ایک ہی گاؤں کے 5 افراد بشمول 2 سگے بھائی موقع پر ہی دم توڑ گئے، جب کہ ایک نوعمر کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ اسے ٹراما سنٹر ریفر کیا گیا ہے۔

حادثہ، تصویر یو این آئی
حادثہ، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

جون پور: اترپردیش کے ضلع جون پور کے جلال پورعلاقہ میں منگل کی صبح باراتیوں سے بھری ایک ایس یو وی کی ایک ٹرک سے ہونے والی ٹکر میں دو بھائیوں سمیت پانچ افراد ہلاک اور ایک نوعمر شدید زخمی ہوگیا۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ ترلوچن مکرا بائی پاس کے قریب باراتیوں سے بھری ایک بریزا اور ٹرک کے مابین ٹکر ہوگئی۔ اس حادثے میں ایک ہی گاؤں کے 5 افراد بشمول 2 سگے بھائی موقع پر ہی دم توڑ گئے، جب کہ ایک نوعمر کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ اسے ٹراما سنٹر ریفر کیا گیا ہے۔

سکرارا تھانہ علاقہ کے بانکی گاؤں کے رہنے والے ننکؤ سنگھ (45)، حوصلہ پرساد (54)، انوگرہ پرتاپ سنگھ (17) ولد وویک سنگھ، چھوٹو سنگھ (17) ولد سشیل سنگھ، پربھو دیو (14) ولد وویک سنگھ، راج ویر سنگھ (18) بریزا گاڑی سے چندولی ایک شادی میں گئے تھے۔ جہاں سے سبھی صبح میں سکرارا کے لئے لوٹ رہے تھے۔ یہ لوگ جلال پور تھانہ علاقہ کے مکرا بائی پاس ترلوچن پہنچے ہی تھے کہ جون پور کی طرف سے وارانسی جا رہے ٹرک سے ان کی گاڑی ٹکرا گئی۔ اس حادثہ میں ننکؤ، حوصلہ پرساد، انوگرہ پرتاپ سنگھ، چھوٹو سنگھ اور پربھو دیو سنگھ کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔


راج ویر سنگھ کی نازک حالت کے پیش نظر انہیں ٹراما سینٹر ریفر کیا گیا ہے۔ حادثہ کی اطلاع ملنے پر ضلع مجسٹریٹ منیش کمار ورما، پولیس سپرنٹنڈنٹ اجے ساہنی کے ساتھ جلالپور تھانے کی پولیس پہنچ گئی ہے۔ تمام لاشوں کو گاڑی سے نکال کر پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔