اتر پردیش: ’پاکستانی گانا‘ سننے والے بریلی کے دکاندار کے خلاف ایف آئی آر درج!

ایس ایس پی روہت سنگھ سجوان نے بتایا کہ تھانہ بھوتا کے تحت ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے، جس میں ایک کرانہ دکاندار پر مقدمہ نمبر 2022/144، دفعہ 153 بی، 504، 506 کے تحت درج کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر، تصویر آئی اے این ایس
ایف آئی آر، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش میں ایک ایسے دکاندار کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے جو اکثر پاکستانی گانا سنا کرتا تھا۔ مقامی لوگوں کا الزام ہے کہ دکاندار ایسے پاکستانی گانے سنا کرتا تھا جس میں پاکستان کی تعریف ہوتی تھی اور بیچ بیچ میں ’پاکستان زندہ باد‘ کے نعرے بھی لگتے تھے۔ یہ معاملہ اتر پردیش کے بریلی کا ہے جہاں بھوتا تھانہ علاقہ میں راشن دکاندار کو کچھ مقامی لوگوں کی زبردست مخالفت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جب علاقے کے لوگوں نے راشن دکاندار کو پاکستانی گانا بجانے سے منع کیا تو اس نے دھمکانا شروع کر دیا۔ اس تعلق سے گئورکشا سیل کے ضلع سکریٹری اور بی جے پی کے ضلع جنرل سکریٹری شیوپرتاپ سنگھ رنکو نے شکایت اے ڈی جی بریلی راج کمار کو کی۔ اے ڈی جی نے جانچ کا حکم صادر کر دیا، جس کے بعد جانچ میں ویڈیو کو آس پاس کے لوگوں نے صحیح بتایا۔ اسی بنیاد پر ملزم دکاندار کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔


بی جے پی ضلع جنرل سکریٹری شیوپرتاپ سنگھ رنکو کا کہنا ہے کہ سگھائی مراوان کا رہنے والا ایک مسلم شخص بدھ کی شام کو اپنی راشن کی دکان پر ’پاکستان زندہ باد‘ کا گانا بجا رہا تھا۔ جب گاہکوں اور آس پڑوس کے لوگوں نے ایسا گانا بجانے سے منع کیا تو ملزم دکاندار دھمکانے لگا اور بولا کہ اس کی مرضی ہے کہ وہ کون سا گانا بجائے۔ معاملے کی جانکاری مقامی لوگوں نے ہندو تنظیم اور بی جے پی لیڈروں کو دی۔ یہ خبر ملتے ہی ہندو تنظیم کے لیڈروں نے بریلی پولیس اور ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس راج کمار کو بذریعہ ٹوئٹ یہ جانکاری دی۔

ایس ایس پی روہت سنگھ سجوان نے بتایا کہ تھانہ بھوتا کے تحت ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے، جس میں ایک کرانہ دکاندار پر مقدمہ نمبر 2022/144، دفعہ 153 بی، 504، 506 کے تحت درج کیا گیا ہے جس میں ثبوت پر مبنی کارروائی کی بنیاد پر ضابطہ کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ اس معاملے میں ملزم کے بھائی نے بتایا کہ ’’میرا چھوٹا بھائی گانا بجا رہا تھا، میں تو بریلی گیا تھا۔ میرے بھائی کو اب پولیس لے گئی ہے۔‘‘ دوسری طرف ملزم کی ماں کا کہنا ہے کہ ’’میرے چھوٹے لڑکے نے گانا بجا دیا تھا، ہم سے غلطی ہو گئی ہے، ہمیں معاف کر دو۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔