اتر پردیش: بی جے پی رکن اسمبلی کے ذریعہ 'دَلال' کہنے پر پھوٹ پھوٹ کر رویا کسان

کسی بات پر کسان کلوندر اور بی جے پی رکن اسمبلی کے درمیان کہا سنی ہو گئی۔ کسانوں کے مطابق رکن اسمبلی نے انھیں دلال کہہ دیا۔ اس بات پر ہنگامہ شروع ہو گیا اور رکن اسمبلی کے خلاف مردہ باد کے نعرے لگنے لگے

بی جے پی رکن اسمبلی رام سرن ورما، تصویر ویڈیو گریب
بی جے پی رکن اسمبلی رام سرن ورما، تصویر ویڈیو گریب
user

تنویر

یوگی حکومت میں ایک طرف جرائم کے واردات میں لگاتار اضافہ ہو رہا ہے اور دوسری طرف کسانوں کو طرح طرح کے مسائل کا سامنا ہے۔ اس درمیان میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق بی جے پی رکن اسمبلی رام سرن ورما پر کسانوں سے بدتمیزی کا ایک سنگین الزام عائد کیا گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ پیلی بھیت میں بی جے پی رکن اسمبلی نے ایک کسان کو 'دَلال' کہہ کر ہنگامہ کھڑا کر دیا۔ رکن اسمبلی کی بات سن کر کسان پھوٹ پھوٹ کر رونے لگا اور ان کی گاڑی کے سامنے لیٹ گیا۔ وہاں موجود دیگر کسان بھی بی جے پی رکن اسمبلی کی اس حرکت پر ناراض ہو گئے اور رکن اسمبلی کی گاڑی کو گھیر لیا۔ رکن اسمبلی کے خلاف یہاں خوب نعرے بازی بھی ہوئی۔

ہنگامہ کی خبر جب پولس اور ایس ڈی ایم کو ملی تو انھوں نے کسی طرح کسانوں کو سمجھا کر معاملہ سلجھانے کی کوشش کی۔ بمشکل کسان رکن اسمبلی کی گاڑی کے پاس سے ہٹے لیکن وہ اس بات سے مایوس نظر آئے کہ آخر رام سرن ورما نے کسانوں کو دلال کس طرح کہہ دیا۔ یہ پورا واقعہ پیلی بھیت کے بلسنڈا تھانہ علاقہ واقع منڈی سمیتی میں پیش آیا۔ یہاں کسان کلوندر سنگھ اپنا دھان تُلوانے کو لے کر کئی دنوں سے منتظر تھے۔ جمعہ کو بی جے پی کے بیسل پور رکن اسمبلی رام سرن ورما منڈی سمیتی میں اچانک معائنہ کے لیے پہنچے۔ اس دوران کسان کلوندر سنگھ کی کسی بات کو لے کر رکن اسمبلی سے کہا سنی ہو گئی۔ کسانوں کا الزام ہے کہ رکن اسمبلی نے انھیں دلال کہہ دیا۔ اسی بات کو لے کر ہنگامہ شروع ہو گیا اور سبھی کسان متحد ہو کر بی جے پی رکن اسمبلی کے خلاف مردہ باد کے نعرے لگانے لگے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔