اتر پردیش: بارہ بنکی میں ’دیوا میلہ‘ کے دوران بھیڑ ہوئی بے قابو، افرا تفری میں ٹوٹ گئیں کئی کرسیاں
پولیس کے مطابق کچھ دیر کے لیے حالات سنبھل گئے تھے، لیکن جوش میں بھیڑ دوبارہ بے قابو ہو گئی۔ لوگ کرسیوں پر چڑھ گئے اور پھر افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔

اتر پردیش کے ضلع بارہ بنکی میں مشہور دیوا میلہ کے دوران جمعرات کی شب ایک موسیقی کے پروگرام کے دوران ہجوم بے قابو ہوگیا۔ نتیجۂ کار کئی کرسیاں اور بیریکیڈس ٹوٹ گئے اور افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔ پولیس کے ایک افسر نے جمعہ کے روز بتایا کہ پولیس کی مداخلت کے بعد ہجوم کو قابو میں کیا گیا۔
پولیس کے مطابق دیوا میلے میں گزشتہ رات ’انڈین آئیڈل‘ اور ’سارے گاما پا‘ سے شہرت پانے والے گلوکار سلمان علی نے اپنی آواز سے ہزاروں سامعین کو مسحور کر دیا۔ میلہ پنڈال میں انہیں سننے کے لیے لوگوں کا ہجوم امنڈ آیا۔ جیسے جیسے موسیقی کی رفتار بڑھتی گئی، مجمع کا جوش بھی عروج پر پہنچ گیا۔ دیر رات تک پنڈال میں کھڑے ہونے کی جگہ بھی باقی نہیں رہی۔ اسی دوران ہزاروں لوگ اسٹیج کے قریب جانے لگے، جس سے افراتفری پھیل گئی۔ دھکا مکی اور شور شرابہ بڑھتا دیکھ کر پولیس کو مداخلت کرنی پڑی۔
میلہ پنڈال کی بگڑتی ہوئی صورتحال دیکھ کر شہری علاقہ کے پولیس سرکل افسر (سی او) سنگم کمار خود اسٹیج پر پہنچے اور مائیک سے مجمع کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ’’اگر کسی نے ماحول خراب کیا تو یاد رکھیں، آپ سب سی سی ٹی وی کی نگرانی میں ہیں۔‘‘
پولیس کے مطابق کچھ دیر کے لیے حالات قابو میں آئے، لیکن جوش میں آکر ہجوم دوبارہ بے قابو ہوگیا۔ لوگ کرسیوں پر چڑھ گئے اور ایک بار پھر افراتفری پھیل گئی۔ پولیس نے لاٹھیاں مار کر بھیڑ کو پیچھے ہٹایا۔ اس دوران کئی کرسیاں و بیریکیڈس ٹوٹ گئے اور پنڈال میں بدنظمی پھیل گئی۔سرکل افسر کمار نے بتایا کہ صورتحال پر قابو پا کر پروگرام کو دوبارہ پُرامن طریقے سے مکمل کرایا گیا۔ انہوں نے جانکاری دی کہ پولیس نے سخت جدوجہد کے بعد ہجوم کو قابو میں کیا اور پروگرام دوبارہ پُرسکون ماحول میں شروع ہوا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔