یوگی کی عجیب و غریب صلاح، گنا کم بوئیں کسان، ذیابیطس ہو جاتی ہے

اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے گنا کسانوں کو عجیب و غریب مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ گنے کو کم بوئیں کیونکہ چینی کھانے سے ذیابیطس ہو جاتی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ملک بھر کے کسان بد حال ہیں اور قرض سے پریشان جانے کتنے ہی کسانوں نے خودکشی کر لی۔ اتر پردیش کے کسان بھی چینی ملوں کی جانب سے گنے کی ادائیگی نہ کئے جانے سے بری طرح پریشان ہیں ۔ ایسے حالات میں اتر پردیش کے وزیر اعلی نے یہ بیان دے کر نہ صرف غیر ذمہ دارانہ رویہ ظاہر کیا ہے بلکہ بے حسی کا مظاہرہ کر کے کسانوں کے زخموں پر نمک پاشی کا بھی کام کیا ہے۔

ویسے یوگی آدتیہ ناتھ بی جے پی کے واحدوزیر اعلیٰ یا رہنما نہیں ہیں جو اس طرح کی بیان بازی کر رہے ہیں اس سے قبل تریپورہ کے وزیر اعلیٰ بپلب دیو سمیت کئی بی جے پی رہنما بھی اسی طرح کی بیان بازی کر کے نام کما چکے ہیں۔

یوگی آدتیہ ناتھ نے باغپت میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کسانوں کو گنا کم بونے کی صلاح دی ہے۔ٹائمز آف انڈیا کے مطابق انہوں نے منگل کو منعقدہ ایک جلسہ عام سے کہا، ’’دیگر فصلیں بھی بوئیے، گنے کی زیادہ پیداوار ہونے سے چینی زیادہ استعمال ہوتی ہے اور اس سے لوگوں کوذیابیطس جیسی بیماری ہو جاتی ہے۔‘‘

یوگی آدتیہ ناتھ نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ ، سڑک وٹرانسپورٹ کے مرکزی وزیر نتن گڈکری اور مرکزی وزیر وی کے سنگھ کے ساتھ باغپت ضلع کے بڑوت میں فور لین سڑک کا سنگ بنیاد رکھنے پہنچے تھے۔

ریسرچ سے یہ بات ثابت ہو چکی ہے اور ڈاکٹر بھی یہ کہتے رہتے ہیں کہ چینی کھانے سے ذیابیطس کے مرض کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ یہ بیماری اس وقت شروع ہوتی ہے جب کسی شخص کے بد ن میں انسولن کی مقدار کم ہو جاتی ہے۔ حالانکہ جب کوئی شخص ذیابیطس کے مرض میں مبتلا ہو جاتا ہے تو متاثرہ شخص کو چینی کم کھانے کی صلاح ضرور دی جاتی ہے۔

جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا ،’’ ہماری حکومت نے گنا کسانوں کو 36 ہزار کروڑ کی ادائےگی سیدھے ان کے کھاتوں میں کی ہے ۔ بقیہ بچے 10 ہزار کروڑ کی ادائے گی بھی جلد کی جائے گی۔ ‘‘ یوگی آدتیہ ناتھ نے چینی ملوں کو بحران سے نکالنے کے لئے جلد ہی قرض دینے کی بھی بات کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔