بلند شہر تشدد: 29 دنوں سے فرار بجرنگ دل کا ضلع کنوینر گرفتار

گئوکشی کی افواہ کے بعد گزشتہ 3 دسمبر کو بلند شہر تشدد کے اہم ملزم یوگیش راج اپنے ساتھیوں کے ساتھ سیانا تھانہ پہنچا تھا اور خوب ہنگامہ کیا تھا۔ تھانہ احاطہ میں کھڑی گاڑیوں کو نذر آتش بھی کر دیا تھا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش کے بلند شہر میں ہوئے تشدد کا اہم ملزم یوگیش راج کو پولس نے گرفتار کر لیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ 29 دنوں سے فرار یوگیش راج کی گرفتاری بدھ کی دیر رات ہوئی۔ گرفتاری کے بعد کی ایک تصویر خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے ذریعہ جاری کی گئی ہے جس میں وہ پولس کے ساتھ کھڑا نظر آ رہا ہے۔ پولس نے یوگیش راج کو بلند شہر کے سیانا میں ہوئے تشدد کا اہم ملزم بنایا تھا اور اس کی گرفتاری کی لگاتار کوششیں ہو رہی تھیں لیکن ناکامیاب ہی رہی تھی۔ 29 دنوں کے بعد یہ گرفتاری عمل میں آئی ہے۔ کچھ میڈیا ذرائع کے مطابق بجرنگ دل کے سرکردہ لیڈران کے مشورہ کے بعد یوگیش راج نے پولس کے سامنے خود سپردگی کی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ گئوکشی کی افواہ کے بعد 3 دسمبر 2018 کو بلند شہر کے سیانا میں تشدد برپا ہوا تھا اور الزام ہے کہ بجرنگ دل کے ضلع کنوینر یوگیش راج اپنے ساتھیوں کے ساتھ سیانا تھانہ علاقہ میں پہنچا تھا۔ وہاں ان سبھی نے خوب ہنگامہ کیا تھا۔ اس دوران ہنگامہ کرنے والوں کی پولس سے جھڑپ بھی ہو گئی تھی۔ علاقے میں کئی گاڑیوں کو نذر آتش کیا گیا تھا اور تھانہ پر پتھراؤ کے بعد تھانہ احاطہ میں موجود گاڑیوں کو بھی آگ کے حوالے کیا گیا تھا۔ اسی دوران انسپکٹر سبودھ کو مظاہرین نے گولی مار دی جس سے جائے وقوع پر ہی ان کی موت ہو گئی تھی۔

تشدد کے الزام میں پولس نے یوگیش راج کو اہم ملزم بناتے ہوئے 27 لوگوں کے خلاف نامزد اور 60 نامعلوم لوگوں کے خلاف مختلف دفعات میں مقدمہ درج کیا تھا۔ یوگیش راج اور کچھ دیگر ملزمین کے خلاف پولس نے غیر ضمانتی وارنٹ بھی جاری کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔