اتر پردیش: باندہ میں اندوہناک کشتی حادثہ، 20 لوگ ڈوبے، اب تک 2 لاشیں برآمد

کشتی حادثہ اس وقت ہوا جب کشتی فتح پور سے مرکا گاؤں جا رہی تھی، موصولہ اطلاعات کے مطابق ندی پار کرتے وقت کشتی بھنور میں پھنس گئی تھی جس وجہ سے یہ پلٹ گئی۔

علامتی تصویر، آئی اے این ایس
علامتی تصویر، آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

اتر پردیشہ کے باندہ ضلع میں کشتی ڈوبنے کا اندوہناک واقعہ پیش آیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق جمنا ندی میں ہوئے اس حادثہ میں 20 لوگ غرقاب ہو گئے۔ پولیس افسران نے اس سلسلے میں جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ فی الحال دو لوگوں کی لاشیں برآمد کی جا چکی ہیں۔ ایک پولیس اہلکار نے کہا کہ ’’فتح پور سے مرکا گاؤں جا رہی مسافروں سے بھری ایک کشتی جمنا ندی میں پلٹ گئی۔ اس میں دو لوگوں کی موت ہو گئی۔ ابھی تک کشتی پر موجود لوگوں کی اصل تعداد کا پتہ لگانے کی کوشش ہو رہی ہے، اور ڈوبے لوگوں کی تلاشی کے لیے مہم بھی چلائی جا رہی ہے۔‘‘

اس حادثہ کی خبر ملنے کے بعد اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ضلع انتظامیہ کو راحت اور بچاؤ کام تیزی کے ساتھ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ وزیر اعلیٰ یوگی نے ضلع مجسٹریٹ، ڈی آئی جی، این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیم کو فوراً موقع پر جانے کی ہدایت بھی دی ہے، اور انھیں کہا گیا ہےکہ راحت کاری کے دوران ندی سے نکالے جا رہے لوگوں کو مناسب علاج مہیا کرائی جائے۔ انھوں نے حادثہ میں ہوئی ہلاکت پر اظہارِ غم بھی کیا اور مغموم اہل خانہ کے تئیں ہمدردی بھی ظاہر کی۔


ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کشتی میں 30 لوگ سوار تھے اور حادثہ اس وقت ہوا جب کشتی فتح پور سے مرکا گاؤں جا رہی تھی۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق ندی پار کرتے وقت کشتی بھنور میں پھنس گئی تھی جس وجہ سے یہ پلٹ گئی۔ نائب تحصیلدار نے بتایا کہ راحتی امور جاری ہے۔ غوطہ خوروں کی مدد سےلوگوں کو ندی سےنکالا جا رہا ہے۔ یہ حادثہ رکشا بندھن کے موقع پر تب ہوا جب لوگ اپنےگھر والوں سے ملنے کے لیے ندی پار کر رہے تھے۔ اس حادثہ نے خوشی کے تہوار کو غم میں بدل دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔