یو پی: بی جے پی کے مظالم سے ناراض بھیم آرمی نے کہا ’ہمیں مت چھیڑنا، کپڑے کی طرح پھاڑ دیں گے‘

اتر پردیش کے میرٹھ میں ایک تقریب کو خطاب کرتے ہوئے بھیم آرمی سربراہ چندر شیکھر نے کہا کہ ہم آج بھی چمڑا اتارنا جانتے ہیں، جوتا بنانا جانتے ہیں اور اس جوتے کو سر پر مارنا بھی جانتے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

بھیم آرمی سربراہ چندر شیکھر آزاد نے ایک بار پھر اشاروں اشاروں میں بی جے پی حکومت اور ریاستی انتظامیہ کو کھلی دھمکی دی ہے۔ اتر پردیش کے میرٹھ واقع موانا روڈ پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چندر شیکھر نے بھیم آرمی کو خطاب کیا۔ اس خطاب کے دوران انھوں کہا کہ بھیم آرمی کا ڈنڈا اور جھنڈا دونوں مضبوط ہے۔ جو آئین کے راستے پر چلے وہ ٹھیک، اور اگر کوئی آئین سے بڑا بننے کی کوشش کرے گا تو ہم اسے دوسرے طریقے سے سمجھا سکتے ہیں۔

چندرشیکھر نے تقریب میں موجود سامعین سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ہم آج بھی چمڑا اتارنا جانتے ہیں، جوتا بنانا جانتے ہیں اور جوتا سر پر مارنا بھی جانتے ہیں۔ بی جے پی کی پالیسیوں سے ناراض چندر شیکھر نے اس کا نام لیے بغیر یہ کہنے میں بھی پرہیز نہیں کیا کہ "ہمیں مت چھیڑنا، ہم کپڑے کی طرح پھاڑ دیں گے۔" چندر شیکھر نے یہ ناراضگی بالواسطہ طور پر پولس اور انتظامیہ کے خلاف ظاہر کی۔

خبروں کے مطابق ہفتہ یعنی 19 جنوری کو موانا روڈ واقع کسیرو بکسر ٹمپو اسٹینڈ پر بھیم آرمی کارکنان نے چندر شیکر کے استقبال کے لیے ایک تقریب منعقد کی تھی، لیکن پولس نے اس تقریب کی اجازت نہیں دی۔ بتایا جا رہا ہے کہ چندرشیکھر کے موقع پر پہنچنے سے پہلے پولس بھیم آرمی کارکنان کو موقع سے بھگا رہی تھی۔ لیکن چندرشیکھر کے پہنچتے ہی پولس خاموش ہوگئی۔ اس موقع پر بھیم آرمی کارکنان نے چندرشیکھر کا زبردست استقبال کیا۔

بعد ازاں چندرشیکھر نے سب سے پہلے ڈاکٹر امبیڈکر دھرم شالہ پہنچ کر مورتی کو مالا پہنائی اور پھر اس کے بعد انھوں نے تقریب سے خطاب کیا۔ حیرانی کی بات یہ ہے کہ کچھ دیر پہلے تقریب کرنے کی اجازت نہ دینے والی پولس وہاں خاموشی کے ساتھ کھڑے ہو کر پروگرام دیکھنے لگی۔ پروگرام سے خطاب کرنے کے بعد چندرشیکھر وہاں سے روانہ ہو گئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔