یوگی حکومت کا کمال: آگرہ میں لاکھوں روپے سے تعمیر 6 سَڑکیں غائب!

نو تعمیر شدہ کچھ سڑکوں کا معائنہ کرنے جب علاقے کے چیف ڈیولپمنٹ افسر پہنچے تو انھیں وہ سڑکیں نظر ہی نہیں آئیں۔ ان سڑکوں کی تعمیر میں 50 لاکھ روپے تک خرچ ہوا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش میں بی جے پی کی یوگی آدتیہ ناتھ حکومت ترقی کے بڑے بڑے دعوے کرتی رہی ہے اور کئی بار ان دعووں کی قلعی بھی کھلی ہے۔ اب ایک نیا معاملہ منظر عام پر آیا ہے جو یوگی حکومت پر سوالیہ نشان کھڑے کر رہا ہے۔ آپ کو یہ جان کر حیرانی ہوگی کہ ’تاج محل‘ کے لیے مشہور آگرہ شہر میں لاکھوں روپے کے خرچ سے تعمیر 6 سڑکیں غائب ہو گئی ہیں۔ اس بات کا پتہ حال میں ہی اس وقت چلا جب اعلیٰ افسران ان نوتعمیر سڑکوں کا معائنہ کرنے کے لیے موقع پر پہنچے۔

ملی خبروں کے مطابق آر ای ایس نے کاغذات میں آگرہ کی پرانی عیدگاہ کالونی میں دو اور وبھو نگر کے چار سیکٹروں میں تقریباً 50 لاکھ روپے کے خرچ سے حال ہی میں چھ سڑکوں کی تعمیر کرانے کا دعویٰ کیا تھا۔ لیکن جب ان نوتعمیر سڑکوں کا معائنہ کرنے علاقے کے چیف ڈیولپمنٹ افسر (سی ڈی او) جے. ریبھا پہنچے تو انھیں موقع پر وہ سڑکیں نظر ہی نہیں آئیں جن کا کاغذوں میں تقریباً 50 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کرانے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔ معاملے کا انکشاف ہونے کے بعد سی ڈی او نے آر ای ایس کے انجینئر کو نوٹس بھیجا ہے۔


دراصل آر ای ایس کو شہر کے پرانی عیدگاہ کالونی میں تقریباً 18 لاکھ روپے کی لاگت سے دو سڑکوں کی تعمیر کرانی تھی۔ اس کے علاوہ محکمہ کو وبھو نگر کے بھی چار سیکٹروں میں چار سڑکوں کی تعمیر کروانی تھی۔ اس پورے کام کی کل لاگت تقریباً 50 لاکھ روپے بتائی جا رہی ہے۔ سڑک تعمیر کے بعد علاقے کے سی ڈی او نے موقع پر جا کر ان سڑکوں کا جائزہ لیا۔ عیدگاہ کالونی میں کس مقام پر کون سی سڑک بنائی گئی ہے، اس کا پتہ نہیں چلا۔ جب کہ وبھو نگر کے سیکٹر ایک، دو، تین اور چار میں بنائی گئی سڑکوں کی بھی واضح جانکاری نہیں ملی۔

سی ڈی او نے اس دوران افسران کی تحریری رپورٹس پر بھی نظر ڈالی۔ سی ڈی او نے بتایا کہ محکمہ جاتی افسران نے اپنی رپورٹس میں سڑکوں کی لمبائی، چوڑائی، موٹائی کا بھی تذکرہ نہیں کیا ہے۔ یہاں تک کہ تعمیری کام میں تخمینی رقم کا بھی تذکرہ نہیں ہے۔ دونوں مقامات پر بنائی گئی سڑکوں کی حالت، خرچ کی رقم کے بارے میں بھی نہیں بتایا گیا ہے۔ اس معاملے کو لے کر سی ڈی او نے آر ای ایس کے ایگزیکٹیو انجینئر کو نوٹس بھیج کر جواب مانگا ہے۔


اس معاملے پر سی ڈی او جے. ریبھا نے بتایا کہ آگرہ کی پرانی عیدگاہ کالونی اور وبھو نگر کی سڑکوں کی تفصیلات میں بنائی گئی نئی سڑکوں کے بارے میں جانکاری نہیں دی گئی۔ جائزہ رپورٹ میں بھی خامیاں پائی گئی تھیں، جس کے بعد جواب طلب کیا گیا ہے۔ وہیں، اس معاملے پر آر ای ایس کے ایگزیکٹیو انجینئر ویریندر سنگھ نے دعویٰ کیا کہ پرانی عیدگاہ کالونی میں دو سڑکیں بنوا دی گئی ہیں جب کہ وبھو نگر میں ابھی کام چل رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ نئی سڑکوں پر بورڈ لگا کر خرچ وغیرہ لکھوایا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 03 Sep 2019, 11:10 AM