یو پی: بہرائچ میں عید میلاد النبیؐ کے جلوس میں شامل 6 عقیدت مند کرنٹ لگنے سے جان بحق

اترپردیش کے بہرائچ میں اتوار کی صبح برآمد ہونے والے عید میلاد النبیؐ کے جلوس میں شامل 6 عقیدت مند کرنٹ لگنے سے جان بحق ہو گئے، جبکہ ایک شخص شدید طور پر زخمی ہو گیا

تصویر بشکریہ جاگرن ڈاٹ کام
تصویر بشکریہ جاگرن ڈاٹ کام
user

قومی آوازبیورو

بہرائچ: اترپردیش کے بہرائچ میں اتوار کی صبح برآمد ہونے والے عید میلاد النبیؐ کے جلوس میں شامل 6 عقیدت مند کرنٹ لگنے سے جان بحق ہو گئے، جبکہ ایک شخص شدید طور پر زخمی ہو گیا۔ زخمیوں کو علاج کے لیے ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ یہ واقعہ بہرائچ ضلع کے نانپارہ علاقے کے بھگڑوا ماسو پور گاؤں میں پیش آیا۔

ویب پورٹل ’آج تک‘ پر شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق جلوس کی گاڑی میں لگی لوہے کی سلاخ ہائی ٹینشن بجلی کے تار سے ٹکرا گئی، جس سے اس میں کرنٹ دوڑنے لگا۔ اس کے بعد سات لوگ کرنٹ کی زد میں آ گئے۔ ان میں سے چار افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ جبکہ ایک نے علاج کے لیے اسپتال لے جاتے ہوئے راستے میں دم توڑ دیا اور دوسرے کی اسپتال لے جانے کے بعد موت واقع ہو گئی۔


رپورٹ کے مطابق جس وقت حادثہ پیش آیا جلوس میں شامل افراد واپس لوٹ رہے تھے۔ اس حادثہ میں چوڑی کٹیا کے رہائشی 18 سالہ مراد، 17 سالہ تبریز، 18 سالہ چاند بابو ان افراد میں شامل تھے، جن کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔ فی الحال موقع پر پولیس فورس تعینات کر دی گئی ہے۔ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے اس واقعہ پر غم کا اظہار کیا ہے اور ضلع مجسٹریٹ سمیت پولیس انتظامیہ کے سینئر افسران کو موقع پر پہنچنے کی ہدایت دی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 09 Oct 2022, 9:40 AM