امریکی صدر ٹرمپ نے کورونا بحران میں پہلی بار پہنا ‘ماسک’، ناقدین نے خوب لیے مزے

صحافی کیرن ٹمنولٹی نے ماسک مخالف مہم چلانے والے ٹرمپ کے حامیوں پر طنز کے تیر چلاتے ہوئے کہا کہ اب تو آپ کے رہنما بھی مان گئے، دیوانوں اب تم بھی ماسک پہن لو!

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے کورونا بحران کے دوران پہلی بار ماسک پہننے کے بعد سوشل میڈیا پر صدر امریکہ کے میمز کی بھرمار ہوگئی ہے ۔ ناقدین نے اس پر انہیں ہالی ووڈ فلموں کے نفسیاتی اور کرمنل ولن کرداروں سے تشبیہ دے ڈالی۔ ’میں ناں مانوں‘ کی تکرار کے بعد بالآخر ماسک پہن کر تصویر کھنچوانے والے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ پر سوشل میڈیا کے منچلوں نے خوب حملے کیے۔

امریکی صدر کے ذریعہ پہلی مرتبہ ماسک لگائے جانے کے بعد کسی نے انھیں اکیڈمی ایوارڈ یافتہ اداکار انتھونی ہاپکنز کے ناقابل فراموش کردار سے ملایا، تو کسی نے اسٹار وارز کا ’ڈارتھ ویڈر‘ قرار دے دیا جس سے سوشل میڈیا پر ٹرمپ کے میمز کی بھرمار ہوگئی۔ معروف مصنف اور امریکی صدر کے ناقد اسٹیفن کنگ نے کہا کہ ٹرمپ نے ماسک پہن لیا، افسوس ہے کہ یہ سرخی ہے!


ایک سوشل میڈیا صارف نے ٹرمپ کے ماسک لگانے پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ٹرمپ ماسک میں ہی ٹھیک ہیں، برائی جتنی کم دیکھنی پڑے اچھا ہے! صحافی کیرن ٹمنولٹی نے ماسک مخالف مہم چلانے والے ٹرمپ کے حامیوں پر طنز کے تیر چلاتے ہوئے کہا کہ اب تو آپ کے رہنما بھی مان گئے، دیوانوں اب تم بھی ماسک پہن لو!

واضح رہے کہ میری لینڈ کے والٹر ریڈ نیشنل میڈیکل ملٹری سینٹر کے دورے پر ٹرمپ نے پہلی دفعہ پبلک میں ماسک پہن کر کوئی تصویر کھنچوائی۔ اپریل میں ٹرمپ نے کورونا وباء سے متعلق سی ڈی سی کی ماسک پہننے کی حفاظتی ہدایات کو ہوا میں اڑا دیا تھا، لیکن بعد میں یہ بھی کہا کہ انہیں ماسک پہننے پر کوئی اعتراض نہیں، تاہم یہ پہلا موقع ہے جب وہ کیمروں کے سامنے باقاعدہ ماسک پہن کر تصویر بنواتے نظر آئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 13 Jul 2020, 2:40 PM