جواہر لال نہرو اور کملا کول کی شادی کا اردو دعوت نامہ

جواہر لال نہرو اور کملا کول کی شادی سے متعلق 3 دعوت نامے اردو میں چھپے تھے جسے پڑھ کر اندازہ ہوگا کہ آج کے اُردو کارڈس کی زبان میں اتنی شیرنی نہیں ہوگی جتنی کہ جواہر لال نہرو کے شادی کارڈ میں ملتی ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

آج 14 نومبر ہے، یعنی آزاد ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم جواہر لال نہرو کے پیدائش کا دن۔ جواہر لال نہرو کے بارے میں یہ بات بہت کم ہی لوگ جانتے ہیں کہ انھیں اردو سے بہت شغف تھا اور اس کی سب سے عمدہ و بہترین مثال یہ ہے کہ ان کی شادی کا کارڈ اردو میں ہی شائع ہوا تھا۔ اس کی عکسی کاپی اور کارڈ کا متن ’قومی آواز‘ میں پہلے بھی شائع ہو چکا ہے، لیکن قارئین کی دلچسپی کے لیے دوبارہ اسے شائع کیا جا رہا ہے۔

جواہر لال نہرو اور کملا کول کی شادی سے متعلق تین دعوت نامے اردو میں چھپے تھے جسے پڑھ کر یقیناً اُردو والوں کو اندازہ ہوگا کہ آج مسلم سماج میں شائع اُردو کے شادی کارڈ کی زبان میں اتنی شیرنی نہیں ہوگی جتنی کہ جواہر لال نہرو کی شادی کارڈ میں ملتی ہے۔ پہلا دعوت نامہ جو پنڈت جواہر لال نہرو کے والد پنڈت موتی لال نہرو کی جانب سے شائع ہوا تھاوہ کچھ اس طرح ہے:


التجا ہے کہ بروز شادی

برخوردار جواہر لال نہرو

بتاریخ ۷ فروری سنہ ۱۹۱۶ء بوقت ۴ بجے شام

جناب معہ عزیزان

غریب خانہ پر چاء نوشی فرما کر

بہمرہی نوشہ

دولت خانہ سمدھیان پر تشریف شریف

ارزانی فرماویں

نہرو ویڈنگ کیمپ ———————————— بندہ موتی لال نہرو

علی پور روڈ، دہلی

جواہر لال نہرو اور کملا کول کی شادی کا اردو دعوت نامہ

دوسرا دعوت نامہ جو کہ موتی لال نہرو کی جانب سے مہمانان کو آنند بھون (الٰہ آباد)میں مدعو کرتے ہوئے شائع کرایا گیا تھا، اسے بھی دیکھیے:

تمنا ہے کہ بتقریب شادی

برخودار جواہر لال نہرو

ساتھ

دختر پنڈت جواہر مل کول

بمقام دہلی

بتاریخ ۷ فروری سنہ ۱۹۱۶ء و تقاریب

ما بعد بتواریخ

۸ و ۹ فروری سنہ ۱۹۱۶ء

جناب معہ عزیزان شرکت فرما کر

مسرت و افتخار بخشیں

بندہ موتی لال نہرو

منتظر جواب

آنند بھون

الٰہ آباد

تیسرا کارڈ بہو رانی یعنی کملا کول کی آمد سے متعلق تھا جس میں عشائیہ کے اہتمام کا تذکرہ تھا اور عزیزان سے شریک دعوت ہونے کی گزارش تھی۔ یہ کارڈ دو صفحات پر مشتمل تھا۔ کارڈ کے الفاظ اس طرح ہیں:

(پہلا صفحہ)

شادی

برخوردار جواہر لال نہرو

ساتھ

دختر پنڈت جواہر مل کول صاحب

(دوسرا صفحہ)

آرزو ہے کہ

بتقریب آمدن بہو رانی

بتاریخ ۹ فروری ۱۹۱۶ء بوقت ۸ بجے شام

جناب معہ عزیزان غریب خانہ پر تناول ماحضر فرما کر

مسرت و افتخار بخشیں

بندہ موتی لال نہرو

نہرو ویڈنگ کیمپ

علی پور روڈ- دہلی


جواہر لال نہرو اور کملا کول کی شادی کا اردو دعوت نامہ

دوبارہ اشاعت

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔