شاریہ فاطمہ شیروانی کو اُردو میں صد فیصد نمبر ملنے پر ’اردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن‘ نے پیش کی مبارکباد

سید احمد خاں نے کہا کہ شاریہ کے ساتھ ساتھ انکے والدین بھی مبارکباد کے مستحق ہیں، جو بچوں کو ایسے وقت میں اردو پڑھنے، لکھنے اور بولنے پر توجہ دے رہے ہیں جب بیشتر والدین دوسری زبانوں میں تعلیم دلوا رہے۔

<div class="paragraphs"><p>ڈاکٹر سید احمد خاں اردو میں صد فیصد نمبر حاصل کرنے والی شاریہ فاطمہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے</p></div>

ڈاکٹر سید احمد خاں اردو میں صد فیصد نمبر حاصل کرنے والی شاریہ فاطمہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے

user

محمد تسلیم

نئی دہلی: اُردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (یو ڈی او) کے قومی صدر ڈاکٹر سیّد احمد خاں نے سی بی ایس ای بورڈ کی دسویں جماعت میں صحافی صادق شیروانی کی بیٹی شاریہ فاطمہ شیروانی کو بطور حوصلہ افزائی اس کے گھر جا کر مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر اُردو زبان کے محسن ڈاکٹر سید احمد خاں نے کہا کہ شاریہ فاطمہ شیروانی کے ساتھ ساتھ ان کے والدین بھی مبارکباد کے مستحق ہیں، جو اپنے بچوں کو ایسے وقت میں اُردو پڑھنے، لکھنے اور بولنے پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں جب بیشتر والدین دوسری زبانوں میں اپنے بچوں کی تعلیم دلوا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے بچوں کو اسکولی سطح پر اُردو سبجیکٹ ضرور دلوانا چاہئے تاکہ ان میں اُردو زبان کے تئیں محبت اور لگاؤ پیدا ہو۔

اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے ڈاکٹر سید احمد خاں نے کہا کہ اُردو زبان کا کمال یہ ہے کہ اس کے الفاظ کی ادائیگی سامنے والے فرد کو بہت زیادہ متاثر کرتی ہے۔ تاہم اگر ہم اپنے بچوں کو اُردو زبان سکھائیں گے تو ان میں بات چیت کرنے کا طریقہ مزید بہتر ہوگا اور بات چیت اچھی ہوگی تو ان میں خود اعتمادی آئے گی۔


واضح ہو کہ اردو میں شاریہ فاطمہ شیروانی نے صد فیصد نمبر حاصل کر کے نہ صرف ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے بلکہ اردو کے حوالے سے منفی سوچ رکھنے والوں کو آئینہ دکھانے کا بھی کام کیا ہے۔ اسی طرح تہاڑ جیل میں تعینات محکمہ آیوش، حکومت دہلی کے سی ایم او یونانی ڈاکٹر حبیب اللہ کے بیٹے عمر حبیب نے 96 فیصد نمبرات حاصل کر کے نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔ جبکہ سینئر صحافی سیّد اظہار الحسن کے بیٹے سامق رضا نے دہلی ایئرفورس اسکول کی بارہویں جماعت میں 88.4 فیصد نمبرات حاصل کیے ہیں۔

اردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کے دیگر ممبران نے مذکورہ بالا طالب علموں کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی اور 9 نومبر ’عالمی یوم اردو‘ کے موقع پر ملت کے مزید کامیاب ہونہار طلبا کی حوصلہ افزائی کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔