’اسمارٹ میٹر‘ پر لوک سبھا میں ہنگامہ، منیش تیواری نے بجلی بل میں 4 گنا اضافہ پر اٹھایا سوال
رکن پارلیمنٹ منیش تیواری نے حکومت سے سوال کیا کہ ’’کیا وزارت نے اس بات کا کوئی مطالعہ کیا ہے کہ اسمارٹ میٹر لگنے سے پہلے اور بعد میں بجلی کے بلوں میں کتنا فرق آیا ہے؟‘‘

لوک سبھا میں آج اسمارٹ میٹر کے مسئلہ پر اس وقت ماحول تھوڑا گرماتا ہوا دکھائی دیا، جب کانگریس کے سینئر لیڈر منیش تیواری نے الزام عائد کیا کہ جن علاقوں میں اسمارٹ میٹر نصب کیے گئے ہیں، وہاں بجلی کے بلوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ ایوان زیریں سے خطاب کرتے ہوئے منیش تیواری نے کہا کہ خاص طور پر ان جہاں بجلی کے شعبہ میں نجکاری کی گئی ہے، وہاں صارفین کے بل 4 گنا تک بڑھ گئے ہیں، جس سے عوام شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ آخر اسمارٹ میٹر میں ایسا کون سا نظام نصب ہے جو بجلی کے بلوں میں اس قدر اضافہ ہو رہا ہے۔
کانگریس رکن پارلیمنٹ نے اس بات پر شدید تشویش ظاہر کی کہ اسمارٹ میٹر نے بجلی بلوں کو کئی گنا بڑھا دیا ہے۔ انھوں نے حکومت سے براہ راست سوال کیا کہ ’’کیا وزارت نے اس بات کا کوئی مطالعہ کیا ہے کہ اسمارٹ میٹر لگنے سے پہلے اور بعد میں بجلی کے بلوں میں کتنا فرق آیا ہے؟‘‘ ان کا کہنا تھا کہ اگر واقعی بلوں میں اس قدر اضافہ ہوا ہے تو اس کے اسباب کا پتہ لگانا نہایت ضروری ہے تاکہ عوام کو راحت فراہم کی جا سکے۔
اس معاملہ میں کانگریس کا کہنا ہے کہ اسمارٹ میٹر کا مقصد بجلی کے استعمال میں شفافیت لانا اور صارفین کو درست بل فراہم کرنا تھا، لیکن زمینی سطح پر اس کے برعکس نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ پارٹی نے دعویٰ کیا کہ کئی علاقوں میں صارفین کو پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ بل ادا کرنے پڑ رہے ہیں۔ ایوان میں یہ معاملہ اٹھائے جانے کے بعد حکومت کی جانب سے اس پر کیا ردعمل آتا ہے، اس پر سبھی کی نظریں مرکوز ہیں۔ ماہرین کا بھی ماننا ہے کہ اسمارٹ میٹر کی کارکردگی اور اس کے اثرات پر ایک جامع تحقیق کی ضرورت ہے تاکہ حقیقت سامنے آ سکے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔