لاک ڈاؤن کے دوران نجی ایمبولینس سے اسمیک کی تسکری، اسمگلر گرفتار

تفتیش کے دوران کانپور سے آنے والی ایک نجی ایمبولینس کو روک کر جانچ کی گئی۔ جانچ کے دوران ایمبولینس میں چھپا کر رکھی گئی 70 گرام اسمیک برآمد ہوئی، اس اسمیک کی بازار میں قیمت تقریباً دو لاکھ روپے ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

فتح پور: اترپردیش کے ضلع فتح پور کی کلیان پور تھانہ پولیس نے جمعہ کے روز تفتیش کے دوران ایک نجی ایمبولینس سے 70 گرام اسمیک (نشیلی اشیاء) برآمد کر کے ایک اسمگلر کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار شدہ اسمگلر کا نام رام سنگھ بتایا جا رہا ہے۔

کلیان پور تھانہ انچارج (ایس او) ونود کمار نے ہفتے کے روز کہا کہ ’’لاک ڈاؤن کو یقینی بنانے کے لئے جمعہ کے روز گووند پور موڑ کے قریب گاڑیوں کی جانچ کی جارہی تھی، تبھی کانپور سے آنے والی ایک نجی اومنی ایمبولینس کو روک کر جانچ کی گئی۔ جانچ کے دوران ایمبولینس میں چھپا کر رکھی گئی 70 گرام اسمیک برآمد ہوئی، اس اسماک کی بازار میں قیمت تقریباً دو لاکھ روپے ہے۔‘‘


تھانہ انچارج نے کہا کہ ’’اس سلسلے میں رام سنگھ (36) رہائشی پرانی بِنڈکی (فتح پور) کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ گرفتار شدہ نوجوان اسمیک کا اسمگلر ہے۔ اس کے خلاف پہلے سے ہی اسمیک کی اسمگلنگ کے متعدد مقدمات درج ہیں۔‘‘

تھانہ انچارج ونود کمار نے بتایا، کہ ’’گرفتار کیے گئے اسمگلر نے بتایا ہے کہ وہ ایمبولینس کو کرایہ پر بارا بنکی لے گیا تھا، جہاں سے اس نے ایک ہزار روپے فی 10 گرام کے حساب سے 70 ہزار روپے کی 70 گرام اسمیک خریدی۔ وہ اس اسمیک کی الگ الگ پوڑیا بنا کر تین سو روپے فی پوڑیا کی شرح سے بیچ کر تقریباً 2 لاکھ 10 ہزار حاصل کرتا۔‘‘ ونود کمار نے کہا کہ ’’ایمبولینس کو قبضے میں لے لیا گیا ہے اور اسمگلر رام سنگھ کو اسمیک کی اسمگلنگ اور ایمبولینس ڈرائیور کو لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کے الزام میں گرفتار کر کے جیل بھیج دیا گیا ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔