یوپی پولیس سپاہی بھرتی امتحان منسوخ! پیپر لیک پر امیدواروں کے احتجاج کے بعد وزیر اعلیٰ یوگی کا اعلان

یوگی حکومت نے یوپی پولیس کانسٹیبل بھرتی منسوخ کر دی ہے، جس کے بعد لاکھوں امیدواروں نے راحت کی سانس لی ہے، جو پرچہ لیک کے دعووں کے بعد امتحان منسوخ کرنے اور دوبارہ امتحان کی درخواست کر رہے تھے

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>

تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

لکھنؤ: یوگی حکومت نے یوپی پولیس کانسٹیبل بھرتی منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد لاکھوں امیدواروں نے راحت کی سانس لی ہے، جو پرچہ لیک کے دعووں کے بعد امتحان منسوخ کرنے اور دوبارہ امتحان کی درخواست کر رہے تھے۔ ریاستی حکومت نے امتحان منسوخ کرنے کے ساتھ ہی 6 مہینے کے اندر دوبارہ امتحان منعقد کرانے کا حکم دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ یوگی نے کہا کہ نوجوانوں کی محنت اور امتحان کی شفافیت سے کھلواڑ کرنے والوں کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے گی۔

وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) کے ذریعے اطلاع دی ہے کہ یوپی پولیس کانسٹیبل بھرتی کا امتحان منسوخ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے لکھا، ’’پولیس کے عہدوں کے لئے منعقدہ امتحان 2023 کو منسوخ کرنے اور آئندہ چھ ماہ کے اندر دوبارہ امتحان کرانے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ امتحانات کی شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ نوجوانوں کی محنت سے کھلواڑ کرنے والوں کو کسی بھی حالت میں معاف نہیں کیا جائے گا۔ ایسے شرپسند عناصر کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے گی۔‘‘


دریں اثنا، ریاستی حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایک نوٹس میں کہا گیا، ’’تاریخ 17 اور 18 فروری 2024 کو منعقد ہونے والے پولیس بھرتی امتحان کے حوالے سے موصولہ شواہد اور معلومات کی جانچ پڑتال کی بنیاد پر حکومت نے غور و فکر کے بعد شفافیت اور اعلیٰ معیارات کو مد نظر رکھتے ہوئے اس امتحان کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت نے بھرتی بورڈ کو ہدایت کی ہے کہ جس سطح پر بھی غفلت برتی گئی ہے، اس کے خلاف ایف آئی آر درج کرواکر مزید قانونی کاروائی یقینی بنائی جائے۔‘‘

پرچہ منسوخ کرنے کے ساتھ یوپی پولیس کانسٹیبل بھرتی امتحان 6 مہینے کے اندر پوری شفافیت کے ساتھ دوبارہ منعقد کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ، امیدواروں سے امتحان کے لیے آنے جانے کا کرایہ نہیں لیا جائے گا۔ حکم نامے میں لکھا گیا ہے کہ اتر پردیش ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی خدمات سے امیدواروں کو مفت سہولت فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی ہیں۔


خیال رہے کہ یوپی پولیس کانسٹیبل بھرتی پیپر لیک معاملے میں امیدوار پہلے دن سے ہی سڑکوں پر تھے اور امتحان کو منسوخ کرنے اور دوبارہ امتحان کے انعقاد کا مطالبہ کر رہے تھے۔ پیپر لیک کے دعووں اور امیدواروں کے احتجاج کے پیش نظر اتر پردیش پولیس ریکروٹمنٹ اینڈ پروموشن بورڈ (یو پی پی آر پی بی) نے پیپر لیک کی شکایات پر امیدواروں سے ثبوت کے ساتھ اعتراضات طلب کیے تھے۔ ریکروٹمنٹ بورڈ نے جمعہ کی شام 6 بجے تک امیدواروں کی شکایات پر اعتراضات اور ثبوت طلب کیے تھے۔ اس پر بورڈ کو تقریباً ڈیڑھ ہزار شکایات آن لائن موصول ہوئی ہیں۔

یوپی پولیس نے 17 اور 18 فروری کو ریاست بھر میں کانسٹیبل کے عہدے پر کل 60244 آسامیوں کو پُر کرنے کا اہتمام کیا تھا۔ اس امتحان میں 48 لاکھ سے زیادہ امیدوار شریک ہوئے۔ امیدواروں کا کہنا ہے کہ دو دن کی چار شفٹوں میں ہونے والے اس بھرتی امتحان میں 17 اور 18 فروری کی دوسری شفٹ کا پیپر لیک ہو گیا ہے۔ 18 فروری کی شام 3 سے 5 شفٹ کے سوالیہ پرچے تمام امیدواروں اور کوچنگ اساتذہ تک پہنچ چکے تھے۔ اس حوالے سے اساتذہ نے اسی دوران سوشل میڈیا پر پوسٹ میں پرچہ لیک ہو جانے کا انکشاف کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔