دیوبند: جیش محمد سے تعلق کے الزام میں دو گرفتار

دیوبند میں جیش محمد سے تعلق ہونے کے شبہ میں ایس ٹی ایف نے دو مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے، پولس کا دعوی ہے کہ ان کے پاس سے تنظیم سے وابستگی کے ویڈیو، تصویریں اور غیر قانونی اسلحہ برآمد ہوا ہے۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

لکھنؤ: اترپردیش کے ضلع سہارنپور کے دیوبندعلاقے میں جیش محمد سے تعلق ہونے کے شبہ میں ایس ٹی ایف نے دو مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے۔ پولس کا دعوی ہے کہ دونووں سے جیش محمد سے وابستگی کے ویڈیو، تصویریں اور غیر قانونی اسلحہ برآمد ہوا ہے۔

ریاست کے ڈائرکٹر جنرل آف پولس (ڈی جی پی) او پی سنگھ نے جمعہ کو بتایا کہ گرفتار کئے گئے دونوں مشتبہ افراد کی عمر 20 سے 25 سال کے درمیان ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان میں سے ایک کا نام شاہنواز تیلی اور دوسرے کا نام عاقب احمد ملک ہے۔ شاہنواز کا تعلق جموں کشمیر کے کولگام سے ہے جبکہ عاقب جموں و کشمیر کے ہی پلوامہ کا رہنے والا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اے ٹی ایس نے جمعرات کی رات دیوبند میں چھاپہ مارکر دونوں کوگرفتار کیا۔ پولس کے دعوی کے مطابق دونوں کے قبضے سے 32 بور کی دو پستول اور 30 کارتوس برآمد کئے گئے ہیں۔

پولس کی طرف سے گرفتار کئے گئے کشمیری نوجوان
پولس کی طرف سے گرفتار کئے گئے کشمیری نوجوان

ڈی جی پی کے مطابق دیوبند کے ایک طالب علم نے دونوں کی مشتبہ سرگرمیوں کے بارے میں اے ٹی ایس کو اطلاع دی تھی۔ او پی سنگھ کے مطابق شاہنواز جیش کا سرگرم رکن ہے اور تنظیم کے لئے نئے اراکین کی بھرتی کے کام میں مشغول تھا۔ وہیں عاقب تعلیم کی آڑ میں تنظیم کے لئے افراد تیار کرنے کی کوشش میں تھا۔

ڈی جی پی نے بتایا کہ یہ معلومات حاصل کی جارہی ہے کہ دونوں دیوبند میں کب سے قیام پذیر تھے۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں مشتبہ افراد سے پوچھ کچھ کے لئے عدالت سے پولس نے ان کو ریمانڈ پر لینے کی اجازت طلب کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دیوبند میں بغیر کسی ادارے میں داخلہ لئے کشمیری طلبا کے رہنے کی اطلاع موصول ہو رہی ہے اور پولس اس کی جانچ کر رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔