یوپی پنچایت انتخابات: تیسرے مرحلے کے تحت 20 اضلاع میں کل ہوگی ووٹنگ

ان اضلاع میں صبح سات بجے سے شام 6 بجے تک ووٹنگ ہوگی۔ شام 6 بجے جتنے لوگ لائن میں لگے ہوں گے انہیں ووٹ دینے دیا جائے گا۔

پنچایت انتخابات / تصویر آئی اے این ایس
پنچایت انتخابات / تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

لکھنؤ: اتر پردیش میں تیسرے مرحلے میں بیس ضلعوں میں 26 اپریل کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ گاؤں کی حکومت چننے کے لئے انتخابات والے اضلاع امیٹھی، اناؤ، اوریا، کانپور دیہات، کاس گنج، چندولی، جالون، دیوریا، پیلی بھیت، فتح پور، فیروزآباد، بلرام پور، بلیا، بارابنکی، میرٹھ، مرادآباد، مرزاپور، سدھارتھ نگر اور ہمیرپور میں گزشتہ روز شام پانچ بجے تک تشہیری مہم ختم ہو گئی۔

ان اضلاع میں صبح سات بجے سے شام 6 بجے تک ووٹنگ ہوگی۔ شام 6 بجے جتنے لوگ لائن میں لگے ہوں گے انہیں ووٹ دینے دیا جائے گا۔ ریاستی انتخابی کمشنر منوج کمار نے آج بتایا کہ 748 ضلع پنچایت، 18530 ایریا پنچایت، 14379 گرام پردھان اور ایک لاکھ 80 ہزار 473 اراکین کے انتخابات کے لئے ووٹ ڈالیں جائیں گے۔ مجموعی طور سے تین کروڑ پانچ لاکھ 71 ہزار 613 ووٹر ان اراکین کی تقدیر کر فیصلہ کریں گے۔ ووٹر 49789 پولنگ بوتھوں پر ووٹ ڈالیں گے۔


پنچایت انتخابات: پیلی بھیت 18 زون اور 85 سیکٹرزمیں منقسم

پیلی بھیت: اترپردیش کے ضلع پیلی بھیت میں پنچایت انتخابات کے تیسرے مرحلے میں پولنگ کے لئے تمام تیاریاں پیر کو مکمل کر لی گئی ہیں۔ اس الیکشن میں 12 لاکھ 79 ہزار 302 ووٹرز اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔

ذرائع نے اتوار کے روز بتایا کہ ضلع پنچایت ممبر کی 34 عہدوں کے لئے کل 510 امیدوار میدان میں ہیں۔ 12 لاکھ 79 ہزار 302 ووٹرز اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔ پردھان کے عہدے کے لئے 720 آسامیاں ہیں، 3 گرام پردھان بلامقابلہ منتخب ہونے کے بعد، اب کل 745 گرام پردھان عہدوں کے لئے انتخابی میدان میں 4495 امیدوار اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔


ضلع میں 845 حلقہ پنچایت ممبر (بی ڈی سی) کے عہدے ہیں۔ بی ڈی سی کے 30 عہدوں پر بلامقابلہ منتخب ہوئے ہیں۔ باقی 815 حلقہ پنچایت ممبروں کے لئے کل 3290 امیدوار میدان میں ہیں۔ گرام پنچایت ممبر کے کل 8881 عہدے ہیں۔ ان آسامیوں کے لئے کل 8605 درخواستیں موصول ہوئی تھیں، جن میں سے 4898 گرام پنچایت ممبران بلامقابلہ منتخب ہوئے تھے۔ باقی عہدوں کے لئے 26 اپریل کو ووٹنگ ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ضلع کو 18 زون اور 85 سیکٹرز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ضلع انتظامیہ نے 51 حساس اور 256 انتہائی حساس علاقوں کی نشاندہی بھی کی ہے اور انتظامیہ پولیس کی تعیناتی کرکے ان علاقوں پر خصوصی نگاہ رکھے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔