یوپی: ہردوئی کے ایک اسکول میں گیس لیک ہونے کے سبب 15 سے زائد بچوں کی بگڑی طبیعت، اسپتال میں کرایا گیا داخل

ڈی ایم نے کہا کہ ’’ہم نے جائے وقوع پر پہنچ کر معائنہ کیا۔ بچوں کی صحت کے متعلق ڈاکٹروں سے جانکاری لی۔ تقریباً 16 طالبات کی طبیعت بگڑ گئی تھی، ایک کو دوسرے اسپتال میں ریفر کر دیا گیا ہے۔‘‘

علامتی تصویر
i
user

قومی آواز بیورو

اترپردیش کے ہردوئی ضلع کے ایک اسکول میں اس وقت افراتفری مچ گئی، جب 15 سے زائد بچوں کی اچانک طبیعت بگڑ گئی۔ تمام بچوں کو فوری طور پر اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ رپورٹ کے مطابق یہ معاملہ ہردوئی ضلع کے سنڈیلا تحصیل کے سامنے واقع لائنس پبلک اسکول کا ہے۔ دراصل گیس لیک ہونے کے بعد پورے اسکول میں پھیل گیا، گیس اتنی زہریلی تھی کہ 20 سے زائد بچے اس کی زد میں آ گئے، اسی وجہ ان کی طبیعت بگڑ گئی۔

بچوں کو سانس لینے میں پریشانی ہونے لگی، جس کی وجہ سے اسکول میں بھگدڑ جیسے حالات پیدا ہو گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ کچھ بچوں کو کھانسی اور الٹی بھی ہونے لگی۔ اساتذہ نے بچوں کو جلدی سے باہر نکالا، ان میں سے 15 سے زائد بچوں کو فوری طور پر اسپتال بھیجا گیا۔ بچوں کے اسپتال پہنچتے ہی ڈاکٹروں نے فوراً علاج شروع کر دیا۔ اسی درمیان بچوں کے سرپرستوں کو جب واقعہ کے متعلق اطلاع ہوئی تو وہ لوگ اسپتال کے باہر جمع ہو گئے۔


ہردوئی پولیس نے واقعہ کے متعلق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کیا۔ پوسٹ میں پولیس نے لکھا کہ ’’تھانہ سنڈیلا کے دائرہ اختیار میں آنے والے ایک اسکول میں گیس لیکج کی وجہ سے اسکول کے کچھ بچے بیہوش ہو گئے، اس کے بعد انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اور ایس پی نے اسکول کا معائنہ کیا، اسپتال پہنچ کر بچوں سے ملاقات کی اور ڈاکٹروں کو ان کا بہتر علاج کرنے کی ہدایت کی۔‘‘

ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم نے جائے وقوع پر پہنچ کر معائنہ کیا۔ بچوں کی صحت کے متعلق ڈاکٹروں سے جانکاری لی۔ تقریباً 16 طالبات تھیں جن کی طبیعت بگڑ گئی تھی۔ ایک بچی کو دوسرے اسپتال میں ریفر کر دیا گیا ہے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ اسپتال کے بعد وہ اسکول جائیں گے اور تحقیقات کے بعد معاملے میں مناسب کارروائی کی جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔