یوپی: سامان کی خریداری پر ایک لیٹر پٹرول اور 2 لیموں مفت، موبائل دکاندار نے دیا دلچسپ آفر

دکان پر خریداری کرنے پہنچ رہے گاہکوں کا کہنا ہے کہ دکاندار کی پیشکش انتہائی دلچسپ ہے اور لوگ ضرور بڑی تعداد میں وہاں خریداری کے لیے پہنچیں گے۔

لیموں، تصویر آئی اے این ایس
لیموں، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

ہندوستان میں پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں لگاتار اضافے کی وجہ سے روز مرہ کے استعمال کی دوسری چیزیں بھی مہنگی ہوتی جا رہی ہیں۔ اس بڑھتی مہنگائی کی وجہ سے عوام بے حال ہوئے جا رہے ہیں۔ اس درمیان اتر پردیش کے ایک موبائل دکاندار نے دلچسپ آفر دیا ہے جو لوگوں میں موضوعِ بحث بنا ہوا ہے۔ وارانسی کے موبائل دکاندار کے پیش کردہ آفر کے مطابق اگر کوئی ان کی دکان سے 10 ہزار قیمت کا موبائل لیتا ہے تو اسے ایک لیٹر پٹرول مفت دیا جائے گا۔ اتنا ہی نہیں، دکاندار کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر ان کی دکان سے کوئی موبائل کا ایسا پرزہ خریدتا ہے جس کی قیمت کم از کم 100 روپے ہے تو اسے 2 لیموں مفت دیئے جائیں گے۔

موبائل دکان میں مل رہے اس آفر کا پورے شہر میں تذکرہ ہو رہا ہے۔ دکان پر خریداری کرنے پہنچ رہے گاہکوں کا بھی کہنا ہے کہ دکاندار کی پیشکش انتہائی دلچسپ ہے اور لوگ ضرور بڑی تعداد میں وہاں خریداری کے لیے پہنچیں گے۔


واضح رہے کہ اس وقت ملک میں لیموں کی قیمت 300 روپے کلو کے پار پہنچ چکی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وارانسی میں گزشتہ دنوں لیموں کی قیمت کم کرنے کے لیے ’تنتر پوجا‘ کی گئی تھی۔ سگرا علاقے میں بھگت سنگھ یوتھ بریگیڈ کی طرف سے آدی شکتی کے مندر میں یہ پوجا ہوئی تھی جہاں لیموں کی بَلی (قربانی) دی گئی تھی۔ بَلی دینے والے پجاری کا کہنا تھا کہ اب دو تین دنوں میں لیموں کی قیمتیں کم ہو جائیں گی۔

بھگت سنگھ یوتھ فرنٹ کے سربراہ اور تنتر پوجا کرنے والے ہریش مشرا کا کہنا ہے کہ ایک ایک لیموں 15-15 روپے میں فروخت ہو رہا ہے اور حکومت کچھ بھی بولنے کے لیے تیار نہیں ہے۔ ایسی پریشانی والی حالت میں ماں بھگوتی کا ہی سہارا ہے۔ ماں بھگوتی کے سامنے لیموں کی بَلی دے کر تنتر پوجا کی گئی ہے اور امید ہے کہ 3-2 دن میں لیموں کی قیمت غیر معمولی طور پر کم ہو جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔