یو پی میں دلت افسر نے کی خودکشی، ’سوسائیڈ نوٹ‘ سے سی ایم یوگی پر اٹھ رہی انگلی

افسر برائے دیہی ترقی کا خودکشی سے پہلے بھری مجلس میں استحصال کیا گیا تھا۔ اس جلسہ کا ایک ویڈیو بھی سامنے آیا ہے جس میں ایک شخص مائک پر بولتے ہوئے افسر برائے دیہی ترقی کی بے عزتی کر رہا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش کے لکھیم پور کھیری واقع گولہ میں ایک پنچایت کے دوران تعینات دلت افسر برائے دیہی ترقی نے ہندوستانی کسان یونین کے لیڈروں اور پردھانوں سے پریشان ہو کر خودکشی کر لی ہے۔ دیہی ترقی افسر تریویندر کمار نے ایک سوسائیڈ نوٹ بھی چھوڑا ہے جس میں انھوں نے اپنا درد بیان کیا ہے۔ انھوں نے سوسائیڈ نوٹ میں بتایا ہے کہ کس طرح ذات پر مبنی لفظوں کا استعمال کر کے ان کا استحصال کیا جا رہا تھا، اور یہی وجہ ہے کہ انھوں نے خودکشی کر لی۔

یو پی میں دلت افسر نے کی خودکشی، ’سوسائیڈ نوٹ‘ سے سی ایم یوگی پر اٹھ رہی انگلی

افسر برائے دیہی ترقی نے سوسائیڈ نوٹ میں لکھا ہے کہ ’’مجھ پر کسان یونین اور پردھانوں کے ذریعہ ظلم کیا جا رہا ہے اور اس سے میں بہت پریشان ہوں۔ مجھے گالی دی جاتی ہے، اور ریزرویشن کے خلاف بولا جاتا ہے جو کہ بہت ہی غلط ہے۔ میں اپنی زندگی سے پریشان ہو گیا ہوں۔ میں اپنی فیملی سے بہت پیار کرتا ہوں اور ان پر بھروسہ کرتا ہوں۔ بلاک پر میرا مذاق بنایا جاتا ہے۔ اگر مجھے کچھ ہوتا ہے تو اس کے ذمہ دار صرف کسان یونین پارٹی اور اس کے سربراہ، رسول پور کے پردھان، دیوریا پردھان کے بیٹے پپو ہی ہیں۔ مجھے دماغی طور پر یہ پارٹی اور پردھان پریشان کرتے ہیں۔ میں خود سے مایوس ہو گیا ہوں۔ میرے مرنے کے بعد میری فیملی کو کوئی بھی پریشان نہیں کرے گا۔ میں اپنی خود کی خواہش سے مرنے جا رہا ہوں۔ لیکن میرے مر جانے کے بعد پارٹی سربراہ اور پردھانوں کو سزا ملے، تاکہ یہ کسی دوسرے کو پریشان نہ کر سکیں۔‘‘

یو پی میں دلت افسر نے کی خودکشی، ’سوسائیڈ نوٹ‘ سے سی ایم یوگی پر اٹھ رہی انگلی

افسر برائے دیہی ترقی کو خودکشی سے پہلے کمبھی بلاک کے امین نگر میں گزشتہ دنوں ہوئی ایک کسان پنچایت کے دوران بھرے جلسہ میں استحصال کا شکار بنایا گیا تھا۔ جلسہ کے دوران ہندوستان کسان یونین کے لیڈروں نے تریویندر کمار کو اسٹیج پر بلایا اور نازیبا الفاظ کہے۔ جلسہ کا ایک ویڈیو بھی سامنے آیا ہے جس میں ایک شخص مائک پر بولتے ہوئے افسر برائے دیہی ترقی کی بے عزتی کرتا ہوا نظر آ رہا ہے۔ باقاعدہ وہ جلسہ میں ریاست کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کا نام لیتا ہے۔


ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کس طرح وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کا دھونس دے کر بھرے جلسہ میں افسر برائے دیہی ترقی کو جوتے مارنے کی بات کہی جا رہی ہے۔ جلسہ میں بیٹھے لوگ بھی افسر کا مذاق اڑاتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ گزشتہ سال ہی تریویندر کمار کی تقرری بطور افسر برائے دیہی ترقی ہوئی تھی۔ لیکن ایک سال کے اندر انھیں اتنا پریشان کیا گیا کہ انھوں نے خودکشی کر لی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔