یوپی: بجنور سے فرضی داروغہ گرفتار، نوکری کا جھانسہ دے کر ٹھگی کرنے کا الزام

رپورٹ کے مطابق ملزم محکمہ پولیس میں نوکری دلانے کا جھانسہ دے کر کافی دنوں سے لوگوں سے ٹھگی کر رہا تھا۔ پولیس نے منگل کے روز یہ اطلاع دی۔

فرضی پولیس افسر گرفتار / آئی اے این ایس
فرضی پولیس افسر گرفتار / آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

بجنور: اتر پردیش کے بجنور ضلع میں ایک فرضی پولیس افسر کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ملزم اپنا تعارف ایک داروغہ کے طور پر کراتا تھا اور کوئی اس پر شبہ بھی نہیں کرتا تھا۔ ملزم کی شناخت سینٹی کمار کے طور پر کی گئی ہے جسے پیر کے روز بجنور کے کوتوالی شہر علاقہ سے گرفتار کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق ملزم محکمہ پولیس میں نوکری دلانے کا جھانسہ دے کر کافی دنوں سے لوگوں سے ٹھگی کر رہا تھا۔ پولیس نے منگل کے روز یہ اطلاع دی۔ پولیس نے ملزم سینٹی کے قبضہ سے ایک موبائل فون اور کانسٹیبل کے عہدے کے لیے جاری فرضی تقرری نامہ برآمد کیا ہے۔


بجنور کے ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ڈاکٹر پروین رنجن نے بتایا کہ سینٹی کمار نے نوکری کے متلاشیوں کو پھنسانے کے لئے کانسٹیبل کے عہدہ کے فرضی تقرری نامہ کا استعمال کیا۔ پروین رنجن نے بتایا کہ کوتوالی شہر علاقہ کے موضع نیاگاؤں کے رہنے والے نکھل ولد راجندر کی فیس بک پر سینٹی کمار سے دوستی ہوئی، جس نے خود کو پولیس افسر قرار دیا۔ وہ اصل میں ہلدور تھانہ علاقہ کے گاؤں شیرپور کلیان کا رہنے والا ہے۔

ملزم نے محکمہ پولیس میں کانسٹیبل کے عہدے پر بھرتی کرانے کا جھانسہ دے کر متاثرہ سے ایک لاکھ روپے وصول کئے اور بقیہ تین لاکھ روپے تقرری نامہ حاصل ہونے کے بعد ادا کرنے کو کہا۔ ایس پی نے کہا کہ ملزم سینٹی کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 420 (دھوکہ دہی)، 468 (دھوکہ دہی کے مقصد سے جعلسازی)، 471 (جعلی دستاویز کو اصل کے طور پر استعمال کرنا) 171 (دھوکہ دہی کے مقصد کے لئے وردی پہننا) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس افسر نے کہا کہ ملزم کی بداعمالیوں کا پتہ لگانے کے لیے اس معاملے میں مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔