یوپی انتخاب، تیسرا مرحلہ: سماجوادی پارٹی اور بی جے پی کے سب سے زیادہ داغی امیدوار

اے ڈی آر کے ذریعہ منگل کو جری ایک تجزیاتی رپورٹ کے مطابق اتر پردیش میں تیسرے مرحلہ کے انتخاب میں سماجوادی پارٹی کے ذریعہ اتارے گئے 58 امیدواروں میں سے 30 داغی ہیں۔

اے ڈی آر، تصویر adrindia.org
اے ڈی آر، تصویر adrindia.org
user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش میں تیسرے مرحلہ کے انتخاب میں سماجوادی پارٹی کے ذریعہ اتارے گئے 58 امیدواروں میں سے 30 مجرمانہ پس منظر سے یعنی داغی ہیں۔ ایسو سی ایشن فار ڈیموکریٹک ریفرمس (اے ڈی آر) کے ذریعہ منگل کو جاری ایک تجزیاتی رپورٹ کے مطابق بی جے پی کے 55 امیدواروں میں سے 25، بی ایس پی کے 59 امیدواروں میں سے 23، کانگریس کے 56 امیدواروں میں سے 20 اور عام آدمی پارٹی (عآپ) کے 49 امیدواروں میں سے 11 امیدواروں نے اپنے حلف نامے میں مجرمانہ معاملوں کا تذکرہ کیا ہے۔

جب سنگین مجرمانہ الزامات والے امیدواروں کی بات آتی ہے تو اس میں بھی سماجوادی پارٹی کے لیڈروں کا بول بالا دیکھا گیا۔ سماجوادی پارٹی کے پاس ایسے 21 امیدوار ہیں جب کہ بی جے پی کے پاس 20، بی ایس پی کے پاس 18، کانگریس کے پاس 10 اور عآپ کے پاس 11 امیدوار ہیں جو سنگین الزامات میں مبینہ طور پر ملوث رہے ہیں۔


ان میں سے 11 امیدواروں نے خواتین کے خلاف جرائم سے متعلق معاملے ظاہر کیے ہیں۔ 11 امیدواروں میں سے دو نے عصمت دری سے متعلق معاملے (تعزیرات ہند کی دفعہ 376) ظاہر کیے ہیں۔ دو امیدواروں نے اپنے خلاف قتل (تعزیرات ہند کی دفعہ 302) سے متعلق معاملے اور 18 نے قتل کی کوشش سے متعلق معاملے ظاہر کیے ہیں۔ انتخاب لڑنے والے جرائم پیشوں کی تعداد کی بنیاد پر اس مرحلہ کے 59 میں سے 26 انتخابی حلقوں کو ریڈ الرٹ انتخابی حلقہ قرار دیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔