یوپی اسمبلی انتخاب: کیرانہ سے سماجوادی پارٹی امیدوار ناہید حسن گرفتار، 14 دن کی عدالتی حراست میں جیل بھیجا گیا

ہفتہ کے روز کیرانہ سے سماجوادی پارٹی امیدوار ناہید حسن کلکٹریٹ میں اپنی نامزدگی سے متعلق کام کے لیے جا رہے تھے، جانکاری ملنے پر پولیس نے انھیں کیرانہ-شاملی سڑک پر روک کر گرفتار کر لیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش اسمبلی انتخاب میں شاملی ضلع کے کیرانہ سے سماجوادی پارٹی امیدوار ناہید حسن کو ہفتہ کے روز پولیس نے گرفتار کر لیا۔ سماجوادی پارٹی امیدوار ناہید حسن کو ایک سال پرانے گینگسٹر ایکٹ کیس میں گرفتار کیا گیا ہے۔ گرفتاری کے بعد پولیس نے ناہید حسن کو عدالت میں پیش کیا جہاں سے انھیں 14 دن کی عدالتی حراست میں جیل بھیج دیا گیا۔ کورٹ نے گینگسٹر ایکٹ کے تحت درج مقدمے میں ناہید حسن کی ضمانت خارج کر دی۔

نہید حسن کلکٹریٹ میں اپنی نامزدگی سے متعلق کام کے لیے جا رہے تھے۔ جانکاری ملنے پر پولیس نے ناہید حسن کو کیرانہ-شاملی سڑک پر روک کر گرفتار کر لیا۔ پولیس نے کیرانہ-شاملی سڑک سے سماجوادی پارٹی امیدوار کو گرفتار کر ایڈیشنل ضلع اینڈ سیشن عدالت میں پیش کیا جہاں سے انھیں جیل بھیج دیا گیا۔


شاملی کوتوالی تھانہ انچارج یشپال نے بتایا کہ 6 فروری 2021 میں سماجوادی پارٹی امیدوار ناہید حسن اور ان کی ماں سابق رکن پارلیمنٹ تبسم حسن سمیت 40 ملزمین کے خلاف شاملی تھانہ حلقہ میں گینگسٹر ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ اس معاملے میں تقریباً تین درجن ملزمین نے تھانہ آ کر خودسپردگی کر دی تھی۔ سابق رکن پارلیمنٹ تبسم حسن کو قبل میں کورٹ سے پیشگی ضمانت مل گئی تھی، جب کہ ناہید حسن مطلوب تھے۔

ناہید حسن کی گرفتاری پر سماجوادی پارٹی کی طرف سے فی الحال کوئی بیان نہیں آیا ہے۔ لیکن پہلے مرحلہ کے انتخاب سے پہلے اسے بی جے پی کی طرف سے ایک بڑے جھٹکے کی شکل میں دیکھا جا رہا ہے۔ یوپی انتخاب کی بات کریں تو 10 فروری سے 7 مارچ تک سات مراحل میں انتخاب مکمل ہوگا۔ پھر 10 مارچ کو ووٹ شماری ہوگی جس کے بعد نتیجے آئیں گے۔ انتخاب کے لیے سماجوادی پارٹی، کانگریس اور بی جے پی کی طرف سے پہلے مرحلہ کے امیدواروں کی لسٹ جاری کر دی گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔