یوپی انتخاب، تیسرا مرحلہ: 59 سیٹوں پر ووٹنگ کل، کئی قدآور لیڈروں کی قسمت داؤ پر

اتر پردیش اسمبلی انتخاب کے تیسرے مرحلے کے لیے 20 فروری کو ووٹ ڈالے جائیں گے، تیسرے مرحلے میں 16 اضلاع کی 59 اسمبلی سیٹوں کے لیے 627 امیدوار میدان میں ہیں۔

تصویر ٹوئٹر @IANSKhabar
تصویر ٹوئٹر @IANSKhabar
user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش اسمبلی انتخاب کے تیسرے مرحلے میں 20 فروری کو ووٹرس حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔ تیسرے مرحلہ میں 16 اضلاع کی 59 اسمبلی سیٹوں کے لیے 627 امیدوار میدان میں ہیں، اور ان کی قسمت کا فیصلہ تقریباً دو کروڑ ووٹرس کریں گے۔ اس مرحلہ میں کئی بڑے لیڈروں کی ساکھ داؤ پر ہے۔ اس مرحلہ میں سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو، ان کے چچا شیوپال یادو، مرکزی وزیر ایس پی سنگھ بگھیل سمیت کئی قدآور لیڈر انتخابی میدان میں ہیں۔ ستیش مہانا کی قسمت بھی اسی مرحلے میں داؤ پر ہے۔

تیسرے مرحلہ میں سب سے بڑا مقابلہ مین پوری کی کرہل سیٹ پر ہے۔ یہاں سے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو کا مقابلہ بی جے پی امیدوار مرکزی وزیر ایس پی سنگھ بگھیل سے ہے۔ کانگریس نے اس سیٹ پر اکھلیش یادو کی حمایت کی ہے، جب کہ بی ایس پی نے کلدیپ نارائن کو اتارا ہے۔ یہ سیٹ اسمبلی انتخاب 2022 کا سب سے ہاٹ سیٹ بن گیا ہے۔ وہیں ایٹاوا کے جسونت نگر سے اکھلیش یادو کے چچا شیوپال یادو میدان میں ہیں۔ یہ سیٹ شیوپال یادو کا قلعہ مانا جاتا ہے۔ گزشتہ 5 بار سے یہ سیٹ شیوپال یادو جیتتے آئے ہیں۔ بی جے پی نے جسونت نگر کی سیٹ سے نوجوان لیڈر ونے شاکیہ کو میدان میں اتارا ہے تو بی ایس پی نے بجیندر کمار کو اتارا ہے جب کہ کانگریس نے کوئی امیدوار نہیں دیا۔


ان کے ساتھ ہی یوگی حکومت میں وزیر اور بی جے پی کے بڑے لیڈر ستیش مہانا کی قسمت کا فیصلہ بھی اس مرحلہ میں ہوجائے گا۔ ستیش مہانا کانپور کے مہاراج پور اسمبلی سیٹ سے انتخابی میدان میں ہیں۔ ستیش مہانا کا مقابلہ اس بار سماجوادی پارٹی کے فتح بہادر سنگھ گل کے ساتھ ہے۔ کانپور کی ہی ایک اور سیٹ سے ایک اور وزیر نیلما کٹیار کی قسمت کا فیصلہ بھی 20 فروری کو ہوگا۔ نیلما کلیان پور سیٹ سے انتخاب لڑ رہی ہیں۔ ان کا مقابلہ سماجوادی پارٹی کے سابق رکن اسمبلی سیتش نگم کے ساتھ ہے۔ وہیں کانگریس نے وکاس دوبے کے ساتھ انکاؤنٹر میں مارے گئے امر دوبے کی بیوی خوشی دوبے کی بہن نیہا تیواری کو امیدوار بنایا ہے۔

بہوجن سماج پارٹی کے قدآور لیڈر اور برہمن چہرہ مانے جانے والے رام ویر اپادھیائے بی جے پی سے ہاتھرس کے سعد آباد اسمبلی سیٹ سے انتخاب میں تال ٹھوک رہے ہیں۔ رام ویر اپادھیائے کا مقابلہ سماجوادی پارٹی-آر ایل ڈی اتحاد کے امیدوار پردیپ چودھری سے ہے۔ اس سیٹ پر بہوجن سماج پارٹی سے اوین شرما انتخابی میدان میں ہیں، جب کہ کانگریس نے متھرا پرساد کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔


پولیس کمشنر عہدہ سے وی آر ایس لے کر بی جے پی میں شامل ہوئے سینئر آئی پی ایس افسر اسیم ارون قنوج صدر اسمبلی سیٹ سے انتخابی میدان میں ہیں۔ بی جے پی کے اسیم ارون کا مقابلہ سماجوادی پارٹی کے انل دوہرے سے ہے۔ وہیں بہوجن سماج پارٹی نے اس سیٹ پر سمرجیت دوہرے کو انتخابی میدان میں اتارا ہے۔ کانگریس نے اس سیٹ سے خاتون لیڈر ریتا دیوی کو ٹکٹ دیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔