یوپی: سود خوری پریشان دوا تاجر کی بیوی بچوں سمیت خودکشی، ریاست کے وزیر کی متاثرہ کنبہ سے ملاقات

سود خوروں سے پریشان دوا تاجر کی بیوی بچوں کے ساتھ خود کشی کے بعد وزیر نند گوپال متاثرہ کنبہ سے ملاقات کے لئے پہنچے، اس موقع پر بھی انہوں نے حزب اختلاف پر نشانہ لگایا اور اپنی حکومت کو مضبوط قرار دیا

تصویر بشکریہ ٹوئٹر
تصویر بشکریہ ٹوئٹر
user

قومی آوازبیورو

شاہجہانپور: سودخوری سے پریشان دوا تاجر کے اپنی بیوی اور دو بچوں کے خودکشی کر لینے کے تین دن بعد اتر پردیش کے شہری ہوابازی اور اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے وزیر نند گوپال گپتا نندی نے متاثرہ کنبہ سے ملاقات کی اور ہر ممکن مدد کی یقین دہائی کرائی۔ اس موقع پر بھی وزیر نے حزب اختلاف کو نشانہ بنایا اور کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو عوامی حمایت حاصل نہیں ہے اور حکومت کو بے وجہ بدنام کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ شاہجہاں پور میں 7 جون کو ایک دوا تاجر نے اپنی بیوی اور بچوں کے ساتھ اجتماعی خودکشی کر لی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ میاں بیوی نے پہلے مبینہ طور پر دونوں بچوں کا قتل کیا، اور پھر بعد میں خود پھانسی کے پھندے سے لٹک کر جان دے دی۔ 42 سالہ اکھلیش گپتا، 39 سالہ بیوی ریشو گپتا، بڑا بیٹا شیوانگ (12 سال) اور بیٹی ہرشیتا (9 سال) کی لاش پیر کے روز کاچے کاٹرا علاقے میں ان کے گھر کے کمرے میں لٹکتی ہوئی ملی۔


اکھلیش کے گھر سے برآمد ہونے والے سوسائیڈ نوٹ میں اس نے اپنے کنبہ کی موت کا ذمہ دار اویناش واجپئی کو قرار دیا تھا۔ نوٹ کے مطابق اویناش سے اس نے 12 لاکھ روپے کا قرض لیا تھا، جس کے عوض وہ اب تک 37 لاکھ روپے ادا کر چکا تھا جبکہ 70 لاکھ اب بھی بقایہ رہ گئے تھے! سود خود کی طرف سے ہراساں کئے جانے کے بعد اکھلیش نے اپنے کنبہ سمیت جان دینے کا فیصلہ کر لیا۔ اس معاملہ میں پولیس نے ملزم اویناش کو گرفتار کر لیا ہے۔

اتر پردیش کے شہری ہوابازی اور اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے وزیر نند گوپال گپتا نندی نے متاثرہ کنبہ سے ملاقات کے دوران کہا کہ ہراساں کرنے والے سود خوروں کے علاوہ زمین مافیا اور دیگر ناپسندیدہ سرگرمیوں میں شامل لوگوں کے خلاف ریاست گیر مہم چلائی جائے گی۔ وزیر نے متاثرہ کنبہ کو ہمت بندھاتے ہوئے کہا کہ حکومت اور ضلع انتظامیہ ان کے ساتھ ہے اور آپ کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔


نندی نے نامہ نگاروں سے کہا کہ حکومت کو کمزور کرنے کے لئے اپوزیشن جماعتیں الٹی سیدھی تشہیر کر رہی ہیں کیونکہ ان کے پاس نا تو عوامی حمایت ہے اور نا ہی کوئی نظریہ، وہ صر ف افواہوں کی سیاست کر رہے ہیں۔ ٹوئٹر اور سوشل میڈیا کے ذریعہ بیان بازی کر کے عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ریاست میں بی جے پی بہت مضبوط ہے اور کسی طرح کا داخلی اختلاف بھی نہیں ہے۔ واضح رہے کہ اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی وزیر اعظم سے ملاقات ہونے والی ہے اور دونوں کے مابین پارٹی کو مظبوط کرنے پر تبادلہ خیال ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔