یوپی کانسٹیبل امتحان: ’دعویٰ کیا اسپیشل ٹرین چلائیں گے، لیکن حالات بد سے بدتر‘، بی جے پی حکومت پر کانگریس کا حملہ

کانگریس کا کہنا ہے کہ ٹرینوں کے ڈبے کھچاکھچ بھرے ہیں، کہیں پیر رکھنے تک کی جگہ نہیں ہے۔ عالم یہ ہے کہ نوجوان ٹرین کے بیت الخلاء میں سفر کر رہے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>بھیڑ کے سبب کھڑکی سے ٹرین میں داخل ہوتا نوجوان، ویڈیو گریب</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

google_preferred_badge

اتر پردیش میں پولیس کانسٹیبل کا امتحان ہو رہا ہے، لیکن اس کے لیے طلبا کو سفر میں کافی مشقتوں کا سامنا ہے۔ یہ امتحان 8، 9 اور 10 جون کو مقرر کیا گیا ہے، یعنی 8 جون کا امتحان ہو چکا ہے اور اب 9 و 10 جون کا امتحان ہونا باقی ہے۔ لیکن امتحان دینے والوں کو ٹرین کے ساتھ ساتھ بسوں میں بھی کئی طرح کی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ریاست کی یوگی حکومت نے وعدہ کیا تھا کہ یوپی پولیس کانسٹیبل کے امتحان کو پیش نظر رکھتے ہوئے خصوصی ٹرینیں چلائی جائیں گی، لیکن یہ وعدہ وفا ہوتا دکھائی نہیں دیا ہے۔ بس اسٹینڈز اور ریلوے اسٹیشنز پر طلبا کی بھیڑ سے پیدا حالات کو کئی میڈیا اداروں نے اپنی رپورٹس میں دکھایا ہے، جس کے بعد کانگریس بھی بی جے پی حکومت پر حملہ آور دکھائی دے رہی ہے۔

کانگریس نے ہندی نیوز چینل ’آج تک‘ کی ایک ویڈیو اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر شیئر کی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ امتحان دہندگان ٹرین میں جگہ نہ ہونے کے سبب دروازے اور کھڑکیوں پر لٹک کر سفر کر رہے ہیں۔ کئی طلبا تو بیت الخلاء میں بھی کھڑے ہو کر سفر کرنے کو مجبور ہیں۔ اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے کانگریس نے لکھا ہے کہ ’’بی جے پی حکومت نے بڑے بڑے دعوے کیے کہ ہم یوپی پولیس کانسٹیبل امتحان دینے والے نوجوانوں کے لیے خصوصی ٹرین چلائیں گے، لیکن حالات بد سے بدتر ہیں۔‘‘


ویڈیو کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کانگریس نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’یہ نظارہ کانپور ریلوے اسٹیشن کا ہے، جہاں نوجوان بھاری بھیڑ کے سبب ٹرین کے دروازوں پر اور باہر لٹک کر سینکڑوں کلو میٹر کا سفر کرنے کو مجبور نظر آئے۔ ٹرینوں کے ڈبے کھچاکھچ بھرے ہیں، کہیں پیر رکھنے تک کی جگہ نہیں ہے۔ عالم یہ ہے کہ نوجوان ٹرین کے بیت الخلاء میں سفر کر رہے ہیں۔‘‘ ساتھ ہی پارٹی کا کہنا ہے کہ ’’یہ حال صرف ٹرینوں کا ہی نہیں، بلکہ بسوں کا بھی ہے، جہاں نوجوانوں سے ٹکٹ کا پیسہ وصول کیا گیا۔ بی جے پی حکومت کا یہی طریقہ، کردار اور حقیقی چہرہ ہے۔ یہ حکومت لوگوں کو جھوٹے وعدوں سے صرف ٹھگنے کا کام کرتی ہے۔ شرمناک!‘‘

اپوزیشن پارٹی کانگریس نے مزید ایک ویڈیو کلپ ’ایکس‘ ہینڈل پر شیئر کی ہے، جو کہ ’انڈیا ٹوڈے‘ کی ویڈیو رپورٹ کا حصہ ہے۔ اس میں کچھ نوجوان بھیڑ کے سبب کھڑکیوں سے ٹرین کے اندر داخل ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔ اس پوسٹ میں کانگریس نے لکھا ہے کہ ’’بی جے پی حکومت کا دعویٰ تھا یوپی پولیس کانسٹیبل امتحان دینے والے نوجوانوں کے لیے خصوصی ٹرینوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ لیکن اس دعوے کی اصل حقیقت بھی دیکھ لیجیے۔‘‘ مزید لکھا گیا ہے کہ ’’نوجوان بھاری بھیڑ میں ٹرین کی کھڑکی سے ڈبوں میں گھسنے کو مجبور ہیں۔ بی جے پی حکومت کے دعوے بس ہوا ہوائی ہوتے ہیں، کیونکہ زمین پر سب کچھ پھُس ہوتا ہے۔‘‘

Follow us: WhatsAppFacebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔