یوپی: ہردوئی کے برہمن ہجرت پر ہوئے مجبور، ’ٹھاکر‘ طبقہ سے ہیں پریشان!

دو فریق کے درمیان پرانی انتخابی رنجش چلی آ رہی ہے۔ دو دن پہلے دونوں فریق نے خوب پتھربازی کی تھی۔ اینٹ اور پتھر چلنے سے تقریباً نصف درجن لوگ زخمی ہوئے تھے۔

یوپی پولیس
یوپی پولیس
user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش کے ہردوئی ضلع واقع ہرپال پور تھانہ علاقہ میں ایک گاؤں ہے چترکھا۔ اس گاؤں میں رہنے والے برہمن کافی پریشان ہیں اور اپنا گھر چھوڑ کر دوسرے علاقے کی طرف ہجرت کرتے نظر آ رہے ہیں۔ گاؤں اور گھر چھوڑنے کی وجہ انھوں نے دیواروں پر لکھی ہے جو کہ حیران کرتی ہے۔ انھوں نے دیواروں پر لکھا ہے ’ٹھاکر پریشان کرتے ہیں‘۔

دراصل اس گاؤں میں دو فریق کے درمیان پرانی انتخابی رنجش چلی آ رہی ہے۔ دو دن پہلے دونوں فریق نے خوب پتھربازی کی تھی۔ اینٹ اور پتھر چلنے سے تقریباً نصف درجن لوگ زخمی ہوئے تھے۔ بعد ازاں متاثرین پولیس سپرنٹنڈنٹ سے ملے اور انصاف کی اپیل کی۔ معاملے کو بڑھتا دیکھ کر ہرپال پور کوتوالی پولیس نے دونوں فریقین سے کچھ لوگوں کو حراست میں لے کر بدامنی پھیلانے کی دفعات میں کارروائی کی تھی۔


بتایا جاتا ہے کہ اس واقعہ کو طول دینے کے لیے کچھ سیاسی لوگوں نے برہمن فیملی کی دیواروں پر ہجرت کیے جانے کے بات لکھوا دی۔ ہرپال پور تھانہ حلقہ کے چترکھا گاؤں میں سیاسی رنجش نے جب خونی شکل اختیار کر لی تو پھر بات ہجرت تک آ پہنچی۔ برہمن کنبہ کے لوگ جو اس گاؤں میں رہتے ہیں، انھوں نے ٹھاکروں پر دبنگئی کا الزام عائد کیا ہے۔ دو دن پہلے ان کے گھروں پر پتھر بازی بھی کی گئی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔ اس کے بعد متاثرہ پرمود شکلا نے پولیس سپرنٹنڈنٹ سے مل کر انصاف کی اپیل کی تھی۔ حالانکہ اس معاملے میں پولیس نے دونوں فریقین کے 22 نامزد اور 52 نامعلوم لوگوں کے خلاف معاملہ درج کیا تھا۔

اس پورے معاملے میں تھانہ انچارج کا کہنا ہے کہ تقریباً تین دن پہلے دونوں فریقین میں آپسی تنازعہ ہوا تھا۔ تھانہ میں مقدمہ درج کیا گیا ہے اور دونوں فریقین کی طرف سے گرفتاریاں بھی ہوئی ہیں۔ یہ بالادستی کی لڑائی ہے جس کو دیکھتے ہوئے علاقے میں پولیس فورس تعینات کیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔