یوپی بورڈ امتحانات کی تاریخوں کا اعلان، 24 اپریل سے ہوں گے شروع

ہائی اسکول اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات 24 اپریل سے شروع ہوں گے اور 12 مئی کو اختتام پذیر ہوں گے۔

یوپی کے نائب وزیر اعلیٰ دنیش شرما / آئی اے این ایس
یوپی کے نائب وزیر اعلیٰ دنیش شرما / آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

لکھنؤ: اتر پردیش سیکنڈری ایجوکیشن کونسل (یوپی بورڈ) نے بدھ کے روز سال 2021 کے امتحانات کی تاریخوں کا اعلان کر دیا۔ ہائی اسکول اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات 24 اپریل سے شروع ہوں گے اور 12 مئی کو اختتام پذیر ہوں گے۔ ہائی اسکول کے امتحانات 17 دنوں میں مکمل ہوں گے اور 10 مئی کو ختم ہوں گے، جبکہ انٹرمیڈیٹ کے امتحانات 19 دنوں میں مکمل ہوں گے اور 12 مئی کو ختم ہوں گے۔

امتحان میں کل 5603813 طلباء شرکت کریں گے۔ نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سال 2021 کے ہائی اسکول اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات ایک ساتھ 24 اپریل 2021 سے شروع ہوں گے۔ ہائی اسکول بورڈ امتحان 17 دنوں میں مکمل ہو کر 10 مئی کو اختتام پذیر ہوں گے۔ جبکہ، انٹرمیڈیٹ بورڈ کے امتحان 19 دن میں مکمل ہو کر 12 مئی 2021 کو ختم ہوں گے۔


نائب وزیر اعلی نے بتایا کہ گزشتہ سال 2020 میں بھی ہائی اسکول بورڈ کے امتحان 12 دنوں میں اور انٹرمیڈیٹ کے امتحان 15 دنوں میں مکمل ہوئے تھے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سال 2021 کے ہائی اسکول امتحانات میں 1674022 طلبہ اور 1320290 طالبات سمیت مجموعی طور پر 2994312 امیدوار اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں 1473771 طلبہ اور 1135730 طالبات کے ساتھ 2609501 امیدوار رجسٹرڈ ہیں۔ دونوں امتحانات میں کل 3147793 طلبہ اور 2456020 طالبات کے نام درج ہیں۔

ڈاکٹر دنیش شرما نے بتایا کہ امتحانات کی تاریخوں کا اعلان بروقت کیا گیا ہے، لہذا طلباء کے پاس امتحان کی تیاری کے لئے کافی وقت ہے۔ انہوں نے طلباء کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ امتحان کو ایک تہوار تصور کرتے ہوئے پورے جوش و جذبے کے ساتھ اس میں شرکت کریں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */