یوپی بورڈ 12 ویں جماعت کے امتحانات بھی منسوخ، جانیں کیسے تیار ہوں گے نتائج!

رپورٹ کے مطابق 12ویں جماعت کے طلبا کے نتائج 10ویں جماعت اور 11 ویں جماعت میں حاصل کیے گئے نمبرات کی بنیاد پر طے کیے جائیں گے۔

یو پی بورڈ / سوشل میڈیا
یو پی بورڈ / سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

لکھنؤ: اتر پردیش ثانوی تعلیمی بورڈ کے 12ویں جماعت کے امتحانات بھی منسوخ کر دیئے گئے ہیں۔ اس سے قبل سی بی ایس ای، آئی سی ایس ای بورڈ کے امتحانات بھی منسوخ کیے گئے تھے اور اس کے بعد کئی ریاستوں کی جانب سے بھی اس طرح کا اعلان کیا جا چکا ہے۔

اتر پردیش بورڈ امتحانات کی منسوخی کا فیصلہ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت میں ہونے والے ایک اجلاس کے دوران لیا گیا۔ اس اجلاس میں ریاست کے ثانوی و اعلیٰ تعلیم کے وزیر اور نائب وزیر اعلیٰ دنیش شرما بھی شامل تھے۔ اس اعلان کے بعد اتر پردیش کے 12ویں جماعت کے لاکھوں طلبہ و طالبات نے راحت کی سانس لی ہے۔


رپورٹ کے مطابق 12ویں جماعت کے طلبا کے نتائج 10ویں جماعت اور 11 ویں جماعت میں حاصل کیے گئے نمبرات کی بنیاد پر طے کیے جائیں گے۔ خیال رہے کہ یوپی بورڈ کی جانب سے اس سے قبل 10ویں جماعت کے بورڈ کے امتحانات کو بھی منسوخ کیا جا چکا ہے۔ 10ویں جماعت کے لئے 9ویں اور پری بورڈ امتحانات کے نمبرات کے اوسط نمبرات نکالے جائیں گے۔

قبل ازیں، وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے مرکزی حکومت کے سی بی ایس ای امتحانات منسوخ کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا تھا۔ انہوں نے ٹوئٹ کر کے کہا تھا، ’’محترم وزیر اعظم نے کووڈ انفیکشن کے پیش نظر سی بی ایس ای کے 12 ویں جماعت کے امتحانات منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ ملک بھر کے طلبا کی صحت و سلامتی کی سمت میں اٹھایا گیا اہم اقدام ہے۔ تمام طلبا اور والدین کی جانب سے محترم وزیر اعظم کا دلی شکریہ۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔