اتر پردیش: ناراض بی جے پی رکن اسمبلی نے سڑک پر گاڑی کھڑی کر حامیوں کے ساتھ روکا وزیر سوتنتر دیو کا قافلہ

احتجاج میں شامل پردھان کا کہنا تھا کہ ’’جل جیون مشن کے تحت کھودی گئی سڑکوں کی حالت خراب ہے، جنہیں آج تک درست نہیں کرایا گا۔ کئی گاؤں میں اب تک پانی نہیں پہنچ رہا ہے۔ 3 سال سے یہ مسئلہ برقرار ہے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>ویڈیو گریب</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

اترپردیش کے مہوبہ ضلع میں ایک روزہ دورے پر آئے جَل شکتی کے وزیر سوتنتر دیو سنگھ ’یووا ادگھوش‘ پروگرام سے لوٹ رہے تھے، اسی وقت بی جے پی رکن اسمبلی برج بھوشن راجپوت اور ان کے حامیوں نے وزیر کا قافلہ روک لیا۔ اس دوران رکن اسمبلی اور ان کے حامیوں نے ’جَل جیون مشن‘ کے تحت کھودی گئی سڑکوں کی بدحالی کے بارے میں بتایا۔ احتجاج کے دوران کارکنان اور سیکورٹی اہلکاروں کے درمیان شدید نوک جھونک ہوئی۔

بتایا جا رہا ہے کہ شہر کے رام شری کالج میں منعقد پروگرام کے بعد جَل شکتی کے وزیر سوتنتر دیو سنگھ کا قافلہ لوٹ رہا تھا۔ تبھی کلکٹر روڈ پر بڑی تعداد میں بی جے پی رکن اسمبلی اور ان کے حامیوں نے قافلہ کو روک دیا۔ سی او صدر ارون کمار سنگھ اور ایس ڈی ایم شیودھیان پانڈے نے معاملے کو کنٹرول کیا۔ راستے سے گاڑی ہٹوانے کے لیے وزیر سوتنتر دیو کو خود نیچے اتر کر آنا پڑا۔


قافلہ رکنے کے بعد جل شکتی کے وزیر گاڑی سے نیچے اتر آئے، اس دوران رکن اسمبلی سے ان کی سخت تلخ کلامی اور نوک جھونک ہوئی۔ پورا معاملہ پہلے سے طے شدہ مانا جا رہا ہے۔ کیونکہ چرکھاری رکن اسمبلی برج بھوشن راجپوت کے ساتھ حامیوں کی بڑی تعداد پہلے ہی کلکٹر روڈ پر پہنچ گئی تھی۔ سڑک کے درمیان گاڑیاں لگا کر قافلہ روکا گیا، جب وزیر گاڑی سے اترے تو دونوں کے درمیان سخت تلخ کلامی ہوئی۔

اس کے بعد انتظامیہ نے سختی برتتے ہوئے حامیوں کو سڑک سے ہٹایا اور قافلہ کو آگے بڑھایا۔ بی جے پی رکن اسمبلی کے ساتھ بڑی تعداد میں پردھان بھی پہنچے تھے، جن کا کہنا تھا کہ ’جل جیون مشن‘ کے تحت کھودی گئی سڑکوں کی حالت خراب ہے، جنہیں آج تک درست نہیں کرایا گا۔ ساتھ ہی کئی گاؤں میں اب تک پانی نہیں پہنچ رہا ہے۔ 3 سال سے یہ مسئلہ برقرار ہے۔ ایس ڈی ایم شیودھیان پانڈے نے بتایا کہ رکن اسمبلی کے حامیوں نے مسائل بتانے کے لیے جل شکتی وزیر کے قافلے کو روکا تھا۔ اس کے بعد حامیوں کو سڑک سے ہٹا کر قافلہ آگے بڑھایا گیا۔