کسان مخالفت میں کام کر رہی ہے بی جے پی حکومت: پرینکا گاندھی

پرینکا گاندھی نے پولیس کی جانب سے کسانوں پر لاٹھی چارج کے ویڈیو کو ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’’مرزا پور کے کسانوں نے محنت سے اپنی فصل لگائی تھی اور بی جے پی حکومت کی پولیس نے کھڑی فصل کو روند دیا۔‘‘

پرینکا گاندھی
پرینکا گاندھی
user

قومی آوازبیورو

لکھنؤ: کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے پیر کو بی جے پی کی قیادت والی یوپی حکومت کی سخت تنقید کرتے ہوئے پیر کو وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی حکومت کو کسان مخالف قرار دیا۔ کانگریس لیڈر نے اتوار کو ضلع مرزا پور میں کسانوں پر پولیس کی لاٹھی چارج کا ویڈیو ٹوئٹ کیا۔مرزا پور میں کسان مجوزہ ریلوے لائن کے لئے زمین پر قبضہ کی کارروائی کی مخالفت کررہے تھے۔

پیر کو پرینکا گاندھی نے پولیس کی جانب سے کسانوں پر لاٹھی چارج کے ویڈیو کو ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا’’مرزا پور کے کسانوں نے محنت سے اپنی فصل لگائی تھی اور بی جے پی حکومت کی پولیس نے کھڑی فصل روند دی۔کل وزیر اعلی اور وزیر اعظم نے کسانوں کے لئے خوب جھوٹے اعلان کیے اور 24 گھنٹے بھی نہیں گزرے کہ خاتون کسانوں کے ساتھ حکومت کا رویہ دیکھیے۔کسانوں کی مخالفت بی جے پی کے اندر بھری ہوئی ہے‘‘۔


اتوار کو کسانوں اور مقامی انتظامیہ میں اس وقت تنازع ہوگیا جب وہ ادلہاٹ پولیس اسٹیشن علاقے کے کنڈاڈیہ کرہاٹ علاقے میں ریلوے کے لئے زمین حاصل کرنے کے لئے پہنچے تھے۔انتظامیہ پولیس اور جے سی بی مشین کے ساتھ زمین پر قبضے کرنے کے لئے پہنچے تھے۔انتظامیہ کے مطابق کسانوں کو معاوضہ پہلے ہی دیا جاچکا ہے۔تاہم کسانوں نے الزام لگایا کہ ابھی تک کارروائی مکمل نہیں ہوئی ہے اور متعدد کسانوں کو ابھی معاوضہ نہیں ملا ہے۔


انتظامیہ کی کارروائی کو دیکھتے ہوئے کسانوں نے احتجاج شروع کردیا جس کے بعد پولیس نے مبینہ طور سے لاٹھی چارج کردیا۔پولیس کی کسانوں پر لاٹھی چارج کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔پولیس کی جارحانہ کارروائی کی وجہ سے انتظامیہ کو چوطرفہ تنقیدوں کاسامنا ہے۔کسان یونین کے ایک مقامی لیڈر نے الزام لگایا کہ پولیس نے کسانوں کے خلاف طاقت کا استعمال کیا اور ان کسانوں پر لاٹھی چارج کیا جو اپنی فصلوں کی رکھوالی کررہے تھے۔وہیں ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ سشیل پٹیل نے کسانوں پر کسی بھی قسم کے لاٹھی چارج سے انکار کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔