یوپی اسمبلی انتخابات: دوسرے مرحلہ کی تشہیر ختم، یوگی کے 5 وزرا سمیت متعدد قدآور رہنماؤں کی قسمت داؤ پر

ان 55 سیٹوں میں سے 7 محفوظ سیٹیں ہیں اور اس مرحلہ میں یوگی کے 5 وزرا سمیت متعدد قدآور لیڈران کی قسمت کا فیصلہ ہوگا۔

یوگی کے پانچ وزرا / تصویر آئی اے این ایس
یوگی کے پانچ وزرا / تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

لکھنؤ: یوپی اسمبلی انتخابات 2022 کے دوسرے مرحلہ میں مغربی یوپی اور روہیل کھنڈ کے 9 اضلاع کی 55 سیٹوں پر پیر 14 فروری کو پولنگ ہوگی اور اس کے لئے تشہیر کا شور شام 6 بجے ختم ہو گیا۔ ان 55 سیٹوں میں سے 7 محفوظ سیٹیں ہیں اور اس مرحلہ میں یوگی کے 5 وزرا سمیت متعدد قدآور لیڈران کی قسمت کا فیصلہ ہوگا۔

دوسرے مرحلہ میں شاہجہانپور سیٹ سے وزیر خزانہ سریش کھنہ، بلاسپور سیٹ سے آبی قوت کے وزیر مملکت بلدیو سنگھ اولکھ، بدایوں شہر سے شہری ترقی کے وزیر مملکت مہیش چندر گپتا، چندوسی سے ثانوی تعلیم کی وزیر مملکت گلابی دیوی کے علاوہ آیوش کے وزیر مملکت رہے ڈاکٹر دھرم سنگھ سینی جو اب سماجوادی پارٹی میں شامل ہو گئے ہیں، سہارنپور کی نکوڑ سیٹ سے اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔


اس کے علاوہ سابق وزیر اور سماجوادی پارٹی کے قدآور لیڈر اعظم خان رامپور اور ان کے بیٹے عبداللہ اعظم سوار سیٹ سے انتخابی میدان میں ہیں۔ اس سیٹ پر بی جے پی کی اتحادی اپنا دل سونے لال سے حیدر علی خان عرف حمزہ میاں اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔ وہ سابق رکن پارلیمنٹ نور بانو کے پوتے ہیں۔ سنبھل سے سماجوادی پارٹی کے ٹکٹ پر سابق وزیر اقبال محمود اور امروہہ سے سابق وزیر محبوب علی بھی سائیکل کے انتخابی نشان سے میدان میں ہیں۔ حال ہی میں سماجوادی پارٹی بریلی کینٹ سے سابق میئر سوپریہ ایرن انتخاب لڑ رہی ہیں۔

قبل ازیں، ایڈیشنل چیف الیکشن کمشنر ڈاکٹر برہم دیو تیواری نے آئی اے این ایس سے کہا کہ دوسرے مرحلہ کی پولنگ کے لئے ہفتہ کی شام چھ بجے انتخابی تشہیر ختم ہو جائے گی۔ اس کے بعد لیڈران مہم جوئی نہیں کر پائیں گے۔ ہر ایک پولنگ بوتھ پر ووٹروں کی سہولت اور کورونا سے حفاظت کے خصوصی انتظامات کرائے گئے ہیں۔ ووٹروں کو کسی بھی طرح کی پریشانی نہ ہو، اس کے لئے ہر ایک پولنگ بوتھ پر معقول اور ضروری انتظامات کرانے کی ہدایت دی گئی ہے۔


دوسرے مرحلہ میں شامل 55 اسمبلی سیٹیں: بیہٹ، نکوڑ، سہارنپور شہر، سہارنپور، دیوبند، رام پور، منی ہاران محفوظ، گنگوہ، نجیب آباد، نگینہ محفوظ، بڑھاپور، دھام پور، نہٹور محفوظ، بجنور، چاند پور، نورپور، کانٹھ، ٹھاکردوارہ مرادآباد دیہی، مراد آباد شہر، کندرکی، بیلاری، چندوسی محفوظ، اسمولی، سنبھل، سوار، چمروا، نوگاؤں سادات، امروہہ، حسن پور، گور، بسولی محفوظ، سہسوان، بلسی، بدایوں، شیخو پور، داتا گنج، بہیڑی، میرا گنج، بھوجی پورہ، نواب گنج، فرید پور محفوظ، بٹھاری چین پور، بریلی، بریلی کینٹ، آنولہ، کٹرا، جلال آباد، تلہر، پوایاں، شاہجہانپور اور ددرول۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔