یو پی: انتظامیہ نے عتیق احمد کے قریبی عباس خان کی تین منزلہ عمارت کو کیا زمیں دوز

عباس کے بیٹے عظیم کے مطابق ان کے گھر کا آدھے سے زیادہ نقشہ پاس ہے، پھر بھی پی ڈی اے نے پورا گھر گرانے کا دباؤ بنایا۔ اس بات کو لے کر اتھارٹی کے افسران اور عباس کے اہل خانہ کے درمیان تکرار بھی ہوئی۔

علامتی تصویر یو این آئی
علامتی تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

پریاگ راج: اترپردیش کے ضلع پریاگ راج میں پریاگ راج ڈیولپمنٹ اتھارٹی (پی ڈی اے) نے غیر قانونی تعمیرات کے دعوی کے ساتھ ریاست گجرات کے احمد آباد جیل میں قید سابق رکن پارلیمنٹ عتیق احمد کے قریبی عباس خان کی تین منزلہ عمارت کو منہدم کردیا۔

اترجھوئیا تھانہ کے گول پارک کے نزدیک شمس آباد علاقے میں واقع عباس کی تین منزلہ عمارت کو منہدم کرنے کی کارروائی صبح پریاگ راج ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے افسران نے بھاری پولس فورس کی موجودگی میں تین جے سی بی مشینوں کے ساتھ شروع کیا۔اتھارٹی کے زونل افسرآلوک پانڈے کے مطابق تقریباً 800مربع گز میں بنے مکان کا نقشہ پاس نہ ہونے کی وجہ سے انہدام کی کاروائی کی جارہی ہے۔ مکان کو منہدم کرنے کا حکم اسی سال اتھارٹی کے ذریعہ پاس کیا گیا تھا۔ اتھارٹی اور ضلع کی پولس لگاتار ایسے مافیا کی نشاندہی کر کے ان کے خلاف کارروائی کررہی ہے۔


اس درمیان عبا س کے بیٹے عظیم کا کہنا ہے کہ ان کے گھر کا آدھے سے زیادہ نقشہ پاس ہے لیکن پھر بھی پی ڈی اے نے پورا گھر گرانے کا دباؤ بنایا ہے۔ اسی بات کے سلسلے میں اتھارٹی کے افسران اور عباس کے اہل خانہ کے درمیان تکرار بھی ہوئی۔قابل ذکر ہے کہ عباس کے خلاف ایک درجن سے زیادہ مقدمے درج ہیں۔ سال 2017 میں زمین مافیا کی لسٹ میں ان کا نام شامل کیا گیا تھا۔ مایاوتی کی حکومت میں عباس کے اوپر گینگسٹر ایکٹ کے تحت کارروائی کی گئی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔