یوپی: دفتر میں اسامہ بن لادن کی تصویر لگا کر خراج تحسین پیش کرنے والے محکمہ بجلی کے افسر پر کارروائی، معطلی کا حکم

تصویر اور پیغام سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد سینئر افسران نے واقعہ کا نوٹس لیا اور محکمہ بجلی کے ایس ڈی او رویندر پرکاش گوتم کو معطل کرنے کے احکامات جاری کر دئے

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

فرخ آباد: اتر پردیش میں محکمہ بجلی کے نواب گنج سب ڈویژنل آفیسر (ایس ڈی او) کو اپنے دفتر میں دہشت گرد تنظیم القاعدہ کے سرغنہ اسامہ بن لادن کی تصویر لگانے پر معطل کر دیا۔ ایس ڈی او نے اسامہ کی تصویر دفتر میں لگانے کے ساتھ اسے دنیا کا بہترین جونیئر انجینئر (جے ای) قرار دیتے ہوئے خراج تحسین بھی پیش کیا تھا۔ حکام کے مطابق، دکشنانچل ودیوت وترن نگم لمیٹڈ (ڈی وی وی این ایل) کے سب ڈویژنل آفیسر (ایس ڈی او) رویندر پرکاش گوتم نے اپنے دفتر میں بن لادن کی تصویر اس کیپشن کے ساتھ لگائی ’’محترم اسامہ بن لادن، دنیا کے بہترین جونیئر انجینئر۔‘‘

تصویر اور پیغام سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد سینئر حکام نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ڈی او کو معطل کرنے کا حکم دیا۔ اس کے ساتھ دفتر سے بن لادن کی تصویر بھی ہٹا دی گئی۔ ضلع مجسٹریٹ سنجے کمار سنگھ نے بتایا کہ اس معاملے کو سنجیدگی سے لیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ بجلی کے دکشنانچل ودیوت وترن نگم لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر امیت کشور نے قصوروار پائے جانے کے بعد رویندر پرکاش گوتم سب ڈویژنل آفیسر نواب گنج کے خلاف فوری طور پر معطلی کی کارروائی کی ہے۔


دوسری جانب ایس ڈی او رویندر پرکاش گوتم نے اپنے اقدام کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں اسامہ بن لادن کو اپنا رول ماڈل مانتا ہوں اور کوئی کسی کو بھی اپنا رول ماڈل ماننے کے لئے آزاد ہے۔ اسامہ دنیا کے بہترین جونیئر انجینئر تھے۔ تصویر ہٹا دی گئی ہے لیکن میرے پاس اس کی کئی کاپیاں ہیں۔ دوبارہ تصویر لگا دوں گا۔‘‘

منیجنگ ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ معطلی کے دوران ایس ڈی او کا تبادلہ قنوج کیا جائے گا۔ گوتم کا اقدام سرکاری ملازمین ضابطہ اخلاق، 1958 کے اصولوں کے خلاف ہے۔

دریں اثنا، ریاستی محکمہ بجلی کے ذرائع نے کہا کہ ایس ڈی او نے تقریباً ایک ہفتہ قبل اسامہ کی تصویر اپنے دفتر میں لگائی تھی۔ کلک، آپریٹر، دو جے ای اور ایک درجن لائن میں وہاں روزانہ حاضری دیتے ہیں لیکن کسی نے اعتراض نہیں کیا۔ چیف انجینئر راکیش ورما نے کہا کہ معاملہ کی تفتیش کے لئے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ ایک رپورٹ بھی طلب کی گئی ہے اور دیگر ملازمین کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 02 Jun 2022, 8:42 AM